• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب میں 35 برس بعد سینما گھروں میں فلموں کی نمائش شروع کرنے کے چند ماہ بعد تاریخ میں پہلی بار سعودی عرب کے دارالحکومت، ریاض میں آج 2 نومبر 2018 ء کو قوالی کی محفل سجائی جا رہی ہے، جس میں عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان اپنے گروپ کے ہمراہ صوفیانہ اور عارفانہ کلام پیش کریں گے۔

سعودی عرب میں سینما گھروں پر لگائی گئی پابندی رواں برس ہٹا دی گئی تھی، جس کے بعد 18 اپریل 2018 ء کو ہالی وڈ مووی’’ Black Pan Ther‘‘ کی نمائش کی گئی۔

بعدازاں معروف فلم ساز اور فن کارہ حریم فاروق کی فلم’’ پرچی‘‘ کی نمائش رواں برس جون میں کی گئی، اس طرح فلم ’’ پرچی‘‘ کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ وہ سعودی عرب میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی۔

فلموں پر پابندی ہٹانے کے بعد سعودی حکومت نے ثقافتی سرگرمیوں کی اجازت بھی دے دی اور آج بروز جمعہ تاریخ میں پہلی مرتبہ سعودی عرب میں محفلِ سماع کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان اپنے گروپ کے ہمراہ صوفیانہ اور عارفانہ کلام پیش کریں گے۔

گلوکار راحت فتح علی خان نے سعودی عرب سے گفتگو کرتے ہوئےجیوکو بتایا کہ ہم نے رواں برس جنوری میں دنیا بھر میں ’’ Just Qawali‘‘ کے نام سے محافلِ سماع کا اعلان کیا تھا، اب تک ایک درجن سے زائد ممالک میں عارفانہ اور صوفیانہ کلام پیش کر کے پاکستان کا نام روشن کر چکے ہیں اور آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں محفلِ سماع میں اپنی آواز کا جادو جگا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ہمیں ابھی تک بہت شان دار رسپانس ملا ہے کیوں کہ قوالی صدیوں پرانا فن ہے، جس میں صوفیانہ کلام سماعتوں کے ذریعے سیدھا دل میں اتر جاتا ہے۔

تازہ ترین