• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک معمول سے کم

کراچی شہر میں شارع فیصل پر اسٹار گیٹ کے علاوہ دیگر تمام پٹرول پمپس کھلے ہیں جبکہ صبح سویرے کھلنے والی زیادہ تر دکانیں معمول کے مطابق کھلی ہیں۔

شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے بس اسٹاپس پر لوگوں کا رش ہے، تعلیمی اداروں کی چھٹی ہونے کی وجہ سے شہر میں وینیں نہیں چل رہیں اور عام تعطیل کا سماں ہے۔

کراچی کی بندر گاہوں سے تیسرے دن بھی تجارتی مال کی نقل و حمل بند ہے، کراچی سے 20 ہزار ٹرکوں کی نقل وحمل متاثر ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بندرگاہوں کے اندر جہازوں سے مال کی منتقلی معمول کے مطابق جاری ہے، ایکسپورٹ کے لیے مال کی تیاری اور بعض ایکسپورٹرز کو اہداف میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سندھ حکومت نے آج کراچی میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزیرتعلیم سندھ نے اعلان کیا ہے کہ کراچی کے علاوہ سندھ بھر میں تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے۔

شہید ذوالفقارعلی بھٹویونیورسٹی آف لاء کے وائس چانسلر کے مطابق یونیورسٹی آج بند رہے گی۔

لاہور شہر میں ٹریفک کی غیرمعمولی صورت حال کے پیش نظر پی آئی اے نے مسافروں کو جلد ایئر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

پی آئی اے کے اعلامیے کے مطابق بیرون ملک سفر کرنے والے پرواز کی روانگی سے 5گھنٹے قبل ایئر پورٹ پہنچیں، مسافر ایئر پورٹ آنے سے پہلے پرواز سے متعلق معلومات حاصل کر لیں۔

لاہور شہر کی زیادہ تر سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق ہے، چیئرنگ کراس، مال روڈ، داتا دربار، شاہدرہ موڑ، جی ٹی روڈ، فیروز پور روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، جبکہ لاہور کے اینٹری پوائنٹس پر لوگوں کو مشکلات کا مسائل کا سامنا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ تمام موٹرویز سے ٹریفک بحال ہے،تاہم مریدکے، نتھے خالصا، کلمہ چوک، پکا میل، چونگ، مولن وال، لوہاراں والہ کھو، سندر اور مراکہ کےمقامات پر ٹریفک بلاک ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق کامونکی سے لاہور کی طرف جانے والا ٹریفک بلاک ہے، جبکہ کامونکی سے راولپنڈی کی طرف جانے والا ٹریفک بحال ہے۔

ہائی وے پر گجرخان سے راولپنڈی جانے والے ٹریفک کو متبادل راستہ دیا گیا ہے جبکہ ہائی وے پر ہی ٹیکسلا، سوہاوہ، دینہ، سرائے عالمگیر، گجرات، چن دا قلعہ پر ٹریفک بلاک ہے۔

گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی ہے، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تمام موٹرویز پر ٹریفک بحال ہے۔

محکمہ ہائیرایجوکیشن اور محکمہ اسکول ایجوکیشن نے آج چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں تمام اسکول آج بند رہیں گے۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق فاٹا، بلوچستان میں انڈر گریجویٹ اسکالر شپ امتحان 3نومبر کو شیڈول تھا، جو ملتوی کر دیا گیا ہے، اس امتحان کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

ملتان، گجرات ، حافظ آباد اور دیگر شہروں میں بھی سرکاری تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔

وہاڑی کے ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیانے اعلان کیا ہے کہ ضلع کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارےآج بند رہیں گے۔

خانیوال کے ڈپٹی کمشنر اشفاق چوہدری نے بھی ضلع بھر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے آج بندرکھنے کا اعلان کیا ہے۔

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن خیبرپختون خوانے آج اسکول بند رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں آج تمام نجی اسکول بند رہیں گے، پشاور شہر میں تعلیمی ادارے کہیں بند اور کہیں کھلے ہیں۔

یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوںکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی آج بند رہے گی، جبکہ آج کے پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں جن کے نئےشیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کی انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی آج بند رہے گی۔

بلوچستان کے دو شہروں گوادر اور تربت میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی لگادی گئی ہے۔

تربت میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر 15روز کے لیے جبکہ گوادر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر ایک ماہ کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔

بلوچستان کے محکمہ تعلیم کے مطابق صوبے بھرمیں تمام سرکاری اور نجی اسکول آج بند رہیں گے۔

تازہ ترین