• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم سن حافظ قرآن ’’محمد حسن‘‘ نے 6 اکتوبر کو ہونے والے عالمی مقابلہ حُسن قرآت میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ بارہ سالہ محمد حسن کا تعلق سوات سے ہے۔ محمد حسن نے ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر ہونے والے چار مقابلے اپنے نام کرنے کے بعد بعد مسجد نبوی مدینہ منورہ میں منعقد ہونے والے عالمی مقابلہ حُسن قرآت میں پاکستان کی نمائندگی کی، جس میں دنیا بھر سے پچاس ممالک سے دو کیٹیگریز یعنی آٹھ سے تیرہ سال تک اور چودہ سے تیس سال تک کے قاری حضرات نے شرکت کی۔ اس مقابلے کی پہلی کیٹیگری یعنی 8 سے 13 سال کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں محمد حسن نے سو میں 86 نمبر حاصل کرکے مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ جس کے نتیجے میں امام الحرمین شیخ السدیس نے کم عمر قاری کا ماتھا چوما اور اس کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس کے تلفظ کی ادائیگی اور حُسن قرأت کی تعریف کرکے خصوصی انعام سے نوازا۔ جب کہ دوسری کیٹیگری یعنی 14 سے 30 سال کے قراء میں ہونے والے مقابلوں میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ایک قاری نے کی جس نے سو میں سے 80 نمبر حاصل کیے تاہم وہ کوئی پوزیشن حاصل نہ کرسکے۔ محمد حسن اپنے والد اور دادا کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے بعد وطن واپس آگئے۔

تازہ ترین