• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش:مقامی کھلاڑیوں کو ترقی کا موقع ملےگا،پرنس عمرزئی

او جی ڈی سی ایل کے سابق چیئرمین پرنس عمراحمد زئی نے کہا ہے کہ ماضی میں بھی عالمی اسکواش میں پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی دہائیوں تک راج کیا، انشاء اللہ ایک بار پھر وہ مقام حاصل کیا جائے گا، بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ سے بلوچستان سمیت پاکستانی کھلاڑیوں کو کو ترقی اور آگے آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، بلوچستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہےبس انہیں مواقع فراہم کرنا ہمارا فرض ہے، نوجوانوں کو منشیات اور بری لت سے نکال کر مثبت سرگرمیوں کا حصہ بنائیں گے، جس کیلئے آئی جی ایف سی اور فورسز کے دیگر اداروں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں کوئٹہ میں انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کے انعقاد کیلئے بھرپور مدد و تعاون فراہم کیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم انجم، بلوچستان اسکواش ایسو ی ایشن کے سیکرٹری محمد ارشد، بلوچستان ویمن یونیورسٹی کی وی سی رخسانہ جبیں، آئی ٹی یونیورسٹی کے احمد فاروق، بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر جاوید اقبال، سول و عسکری کے اعلی حکام اور دیگر موجود تھے۔

پرنس عمر احمد زئی نے کہا کہ کوئٹہ میں ہونے والی چیمپئن شپ میں عالمی کھلاڑیوں کو پاکستان بلایا ہے جس میں انگلینڈ، میکسیکو، ہانگ کانگ، ملائشیاکے کھلاڑی شامل ہیں ان کے ساتھ ساتھ پاکستانی کھلاڑی بھی ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، ماضی میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے اسکواش میں پوری دنیا میں شاندار کارکردگی دکھاکر پاکستان کا نام روشن کیا تھا ۔

لیکن کافی عرصے سے یہ کھیل زوال کا شکار تھا لیکن اب ہماری کوشش ہے کہ تمام اپنی کوششوں کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کو لیکر ساتھ چلیں اور صوبہ بلوچستان کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لائیں انہیں منشیات اور دوسری برائیوں سے محفوظ کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اسٹار زرک جہاں خان نے کہا کہ بلوچستان انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ یہاں کے نوجوانوں کیلئے ایک شاندار تحفہ ہوگا، بلوچستان کی سرزمین نے ہر میدان میں بے تحاشہ ہیروز فراہم کئے ہیں۔

خاص طور پر اسکواش، فٹ بال، کرکٹ، ہاکی، باکسنگ اور دیگر کھیلوں میں یہاں کھلاڑیوں نے نہ صرف صوبے بلکہ اپنے ملک پاکستان کا نام عالمی سطح پر بلند کیا۔واضح رہے چیمپئن شپ کا آغاز ہفتہ 3 نومبر سے ایوب اسٹیڈیم اسکواش کمپلکس میں ہوگا جو 7 نومبر تک جاری رہے گی۔ چیمپئن شپ میںچار ممالک انگلینڈ کے ڈیکلن جیمز، میکسیکو کے سیسر سالاسار،ملائشیا کے نافزوان عدنان اور ہانگ کانگ کے لیوہائو شامل ہیں جبکہ پاکستان کے شاہ جہان خان، فرحان محبوب، احسن ایازاور عبدالمالک شامل ہیں۔

تازہ ترین