• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے میں مقیم پاکستانی اپنے آبائی وطن سے محبت کرتے ہیں، ظہیر پرویز

ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیرپرویز خان نے کہاہے کہ اوورسیز پاکستانی ، ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور حکومت ان پاکستانیوں کے معاملات پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے سفارتخانہ پاکستان اوسلو میں ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والی نارویجن پاکستانی تنظیموں کے لیے تعریفی اسناد کی تقسیم کی تقریب کے بعد نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں متعدد نارویجن پاکستانی تنظیموں کے نمائندوں کو تعریفی اسناد دی گئیں، جنہوں نے ڈیم فنڈ کے لیے آٹھ کروڑ پاکستانی روپوں کے برابر رقم جمع کرنے میں بھرپور معاونت کی۔

تقریب کے مہمانان خصوصی میں سینیٹر فیصل جاوید خان، خیبرپختونخواہ کے وزیرشوکت یوسف زئی اور پاکستانی اداکارہ عتیقہ اوڈھو شامل تھیں۔سفیر پاکستان نے مزید کہاکہ ڈیم فنڈ کے لیے ناروے میں ریکارڈ رقم جمع ہوئی ہے اور یہ اس لیے ہوا ہے کیونکہ لوگوں کو یقین ہے کہ ان کا پیسہ صحیح جگہ پر خرچ ہوگا، دیگر اوورسیز پاکستانیوں کی طرح نارویجن پاکستانی بھی اپنے آبائی وطن پاکستان سے بہت محبت کرتے ہیں اور پاکستان پر کوئی بھی مشکل آزمائش ہوتی ہے، یہ لوگ اپنی رضاکارانہ خدمات پیش کرنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ اعتماد کی بحالی بہت اہم عنصر ہے اور موجودہ حکومت اس کام کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ظہیر پرویز خان نے نمائندہ جنگ کے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ موجودہ حکومت اوور سیز پاکستانیوں کے معاملات پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔خاص طور پر سفیر موصوف نے حالیہ دنوں میں لاہور میں نارویجن پاکستانی مصور سید انور کاظمی پر تشدد کے بارے میں بتایاکہ جونہی اس واقعے کا انہیں علم ہوا تو انھوں نے پاکستان میں متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں رابطہ کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ امید ہے کہ سید انورکاظمی کو جلد از انصاف ملے گا۔

اس موقع پر ہم سب کا پاکستان ، کے کوآرڈی نیٹر سلطان حمزہ اعوان نے بتایاکہ ناروے میں ڈیم فنڈ کے لیے جمع کرنے کے لیے پچھلے کئی ہفتوں سے لوگوں کے ساتھ رابطے جاری تھے اور اس سلسلے میں نارویجن پاکستانی دینی اداروں اور سماجی اور ثقافتی تنظیموں نے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔

جن تنظیموں کو سفارتخانہ پاکستان کی طرف سے تعریفی اسناد دی گئیں، ان میں اسلامک کلچرل سنٹر، منھاج القرآن اوسلو، مرکزی جماعت اہل سنت اوسلو، انجمن حسینی ناروے، توحید اسلامک سنٹر، ورلڈ اسلامک مشن، رحمہ اسلامک ریلیف، مسلم سنٹر فروست، سندرے نورستران مسلم سنٹر، اسلام آباد راولپنڈی ویلفیئرسوسائٹی ناروے، پاک۔ناروے فورم، چودہ اگست کمیٹی ناروے، پاکستان ورکزویلفیئریونین، پاکستان کلچرل فورننگ،بزم نقشبند اوسلو، پاکستان کمیونٹی ناروے، اوورسیز ویلفیئرفاونڈیشن اور پاکستان سوسائٹی ناروے قابل ذکر ہیں۔

تازہ ترین