• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’امّی! آج میٹھے میں کیا ہے؟‘‘ اکثر اس سوال پر آپ خاموش ہوجاتی ہیں، لیکن اگلے کم از کم چار اتوار کے ’’اسپیشل دسترخوان‘‘ کے لیے، ہم چار روایتی میٹھوں کی آسان تراکیب کے ساتھ حاضر ہیں۔ ٹرائی کرکے دیکھیں، بہت آسانی کے ساتھ، ایک مشکل سوال کا میٹھا سا جواب دینا آپ کو خود بھی اچھا لگے گا۔

سوجی کا حلوا

اجزاء: سوجی ایک پائو ،گھی ایک پائو ، چینی ایک پائو، خشک میوے حسبِ منشا، چھوٹی الائچی دو عدد اورپانی آدھا کلو۔

ترکیب: دیگچی میں گھی گرم کریں۔پھر اس میں سوجی اور الائچی ڈال کر درمیانی آنچ پر خُوب اچھی طرح بھون لیں۔جب سوجی ہلکی برائون ہوجائے، تو اس میں چینی، خشک میوے اور پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر اچھی طرح پکنے دیں۔اس دوران مسلسل چمچ چلاتی رہیں، یہاں تک کہ پانی خشک ہو جائے۔پھر چولھا بند کرکے کسی باؤل میں نکال لیں۔ مزے دار سوجی کا حلواتیار ہے۔

کھیر

اجزاء: چاول ایک پائو، چینی آدھا کلو، دودھ ایک کلو، چھوٹی الائچی تین سے چار عدد اور خشک میوہ جات(مثلاًکھوپرا، بادام پستے وغیرہ باریک کاٹ لیں) حسبِ منشا۔

ترکیب: چاول صاف کرکے دھولیں اور تقریباً گھنٹے بَھر کے لیے بھگو دیں۔ پھر دیگچی میں پانی اورچاول ڈال کر ہلکی آنچ پر گلنے کے لیے رکھ دیں۔وقفے وقفے سے چمچ چلائیں، تاکہ چاول نیچے نہ لگیں۔ جب چاول ایک کنی رہ جائیں، تو ان میں آدھے سے زیادہ خشک میوہ جات شامل کر دیں۔ پھر دودھ اور چینی بھی شامل کرکے مسلسل چمچ چلاتی رہیں۔اس دوران ایک چمچ میں تھوڑی سی کھیر نکال کے چکھ لیں،تاکہ میٹھا کم لگے، تو حسب ِذائقہ مٹھاس بڑھائی جاسکے۔کھیر گاڑھی ہونے لگے، تو چولھا بند کر دیں اور کسی باؤل میں نکال کر باقی میوہ جات چھڑک دیں۔

(صفیہ سعید، میٹروول، کراچی)

فیرنی

اجزاء: دودھ ایک لیٹر ،چاول تین چوتھائی کپ(دو گھنٹے کے لیے بھگو دیں)، سبز الائچی چھے عدد، چینی حسبِ ذائقہ،زعفران ایک چٹکی، پستہ ،بادام،کاجو(باریک کاٹ لیں) حسبِ منشا اورچاندی کے ورق ۔

ترکیب: چاولوں سے پانی نتھار کر پِیس لیں۔ پھر ایک دیگچی میں دودھ، چاول اور الائچی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں، جب چاول ایک کنی رہ جائیں، تو اس میں چینی اور زعفران شامل کرکے مزیدپکنے دیں۔تیار ہونے پر چولھے سے اُتارلیں۔ آخر میں زعفران اور پستہ شامل کرکے چاندی کے ورق سے سجادیں۔

لوکی کا میٹھا

اجزاء: لوکی آدھا پاؤ، دودھ آدھا لیٹر، چینی آدھا کلو، بالائی آدھا کپ(پھینٹ لیں)، کیوڑا ایک بڑا چمچ، الائچی دو عدد، کھوپرا، بادام اور پستہ حسبِ منشا(باریک کاٹ لیں)۔

ترکیب: لوکی چھیل کر کدّوکش کرلیں۔اب ایک دیگچی میں اسے ڈال کر ہلکی آنچ پر اپنے ہی پانی میں گلنے دیں۔ جب گل جائے، تو دودھ، سبز الائچی کے دانے اور بالائی شامل کردیں۔ چمچ مسلسل چلاتی رہیں، پکنے لگے، تو چینی بھی شامل کر دیں۔جب پانی خشک ہو جائے اور شیرہ گاڑھا ہونے لگے، تو میوہ جات اور کیوڑا بھی ڈال دیں۔ تیار ہو جائے، تو چولھا بند کردیں اور کسی باؤل میں نکال کر خشک میوہ جات چھڑک دیں۔

(کوثر خان، حیدرآباد)

تازہ ترین