• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے،راجہ فاروق حیدر

کشمیر کونسل ای یو کے زیر اہتمام  11 واں ہفتئہ کشمیر گزشتہ روز  یورپین پارلیمنٹ میں شروع ہو گیا ۔پہلے روز کے پہلے سیشن کی میزبانی ڈاکٹر سجاد کریم ایم ای پی نےکی ۔

اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ حق خود ارادیت تمام حقوق کی بنیاد ہے ۔ اگر یہی حق نہ ملے تو کوئی قوم کیسے اپنے باقی حقوق حاصل کر پائے گی ۔ اسی حق کے حصول کو روکنے کیلئے بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب  تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ یو این چارٹر پر دستخط کے بعد کوئی بھی ملک بھاگ نہیں سکتا ، لیکن بھارتی حکومت کے ایما پر مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے اور ان جرائم کے ذمے داران کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بھی آزادی اور وقار کے ساتھ زندہ رہنے کا حق حاصل ہے ۔ اس حق کی پا مالی کے نتیجے میں  خطے کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔بھارت اور پاکستان جوکہ دونوں نیو کلیئر ہتھیار  رکھتے ہیں، ان کے درمیان  جنگ چھڑ جائے تو ڈیڑھ ارب لوگوں کی زندگیاں تباہ ہو جائیں گی ۔

اس موقع پر انہوں نے یورپین یونین اور بین الاقوامی دنیا سے اپیل کی کہ وہ  آگے بڑھیں اور اس مسئلے کو حل کرانے میں  اپنا کردار  ادا کریں ۔یہ انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہوگی ۔

وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے نشاندہی کی کہ بھارت جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن اس کی عدلیہ بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو نہیں روک پا رہی ۔ اس موقع پر انہوں نے افضل گروکیس کی مثال دی جہاں کوئی واضح ثبوت نہ ہونے کے باوجود افضل گرو کو سزائے موت سنا دی گئی ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت  دے ۔

اس موقع پر انہوں نے شرکا کو بتایا کہ میں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات میں انہیں کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے وفد کو آزاد کشمیر میں آنے کی یکطرفہ اجازت دیں اور اس دوران یورپین پارلیمنٹ کے اراکین بھی وہاں آنا چاہیں تو ہمیں ان کی میزبانی کرکے خوشی ہوگی ۔

قبل ازیں کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہاں یورپ میں ان کی تنظیم کی سرگرمیوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ دنیا میں کشمیریوں کی آواز سنائی دیتی رہے ۔ 

اس موقع پر دیگر کشمیری رہنماؤں فاروق صدیقی اور خرم پرویز نے بھی خطاب کیاجبکہ پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی نے کشمیر کونسل ای یو کے اور دیگر تنظیموں کے کام کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

انہوں نے پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

تازہ ترین