• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

منگو کی ’جیو‘ کے نیوزروم آمد، بزنس 16 کروڑ سے تجاوز


پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ’دی ڈونکی کنگ‘ کا ہیرو ’منگو راجا‘ ہنستے مُسکراتے اچانک ’جیونیوز‘ کے اسٹوڈیوز پہنچ گیا۔ بلیٹن کے دوران وہ نیوز کاسٹرز نیلم یوسف اور ذوہیب حسن کے درمیان آگیا، دونوں حیرت زدہ رہ گئے۔

منگو نے نیوز کاسٹرز کے درمیان آکر کروڑوں ناظرین سے گفتگو کی اور فلم دیکھنے پر عوام سے اظہار تشکر بھی کیا اور جن لوگوں نے فلم نہیں دیکھی اُن سے اظہار ناراضی کیا اور وعدہ لیا کہ وہ فلم دیکھنے جائیں گے۔

ہر گزرتے دِن کے ساتھ یہ فلم ہر عمر کے لوگوں میں مقبول ہورہی ہے۔ منگو راجا اب بچوں اور بڑوں سمیت سب کا ’’کنگ‘‘ بن گیا ہے۔ امی، پاپا، بھیا، گڑیا سب نے پھر سنیما جاکر اس فلم کو دیکھنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔

’ڈونکی کنگ ‘کا پاکستانی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس جاری ہے، فلم نے محض چند ہفتوں میں مجموعی طور پر 16 کروڑ سے زائد کا بزنس کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیوز کاسٹر ذوہیب حسن اور نیلم یوسف نے خبریں پڑھنے کیلئے اپنا تعارف کرایا تو اچانک منگو بھی اسٹوڈیوز میں نمودار ہوگیا اور اپنا تعارف کرانے لگا۔ نیوز کاسٹرز نے منگو کو یاد دِلایا کہ ہم یہاں عوام کو خبریں دے رہے ہیں اور آپ اِسے آزاد نگر کا اسٹوڈیو سمجھ کر آگئے ہیں۔

منگو کا کہنا تھا کہ خبریں وہ نہیں ہوتیں جو آپ دے رہے ہیں بلکہ خبریں تو یہ ہیں کہ آج ڈونکی کنگ دیکھنے والوں کا سنیما گھروں میں کتنا رش ہے۔ لوگ اس فلم کو دیکھنے کیلئے کس قدر پاگل ہیں، چھوٹے ، بڑے، بزرگ سب اس فلم کو دیکھنے جوق در جوق آرہے ہیں لہٰذا آپ میری فلم کی رپورٹ دکھائیں۔

منگو کے اصرار پر نیوز کاسٹرز نے ملک بھر کے سنیما گھروں میں لگی فلم کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد منگو نے اسٹوڈیو میں موجود نیوز کاسٹرز سے پوچھا کیا آپ دونوں نے میری فلم دیکھی ہے؟۔ جواب ملا کہ اگر ہم آپ کی فلم دیکھنے گئے تو یہاں خبریں کون پڑھے گا؟

اس پر منگو اسٹوڈیو میں ہی زار و قطار رونے لگا۔ اینکرز نے منگو کو چپ کرایا اور یہ کہہ کر اپنی سیٹ چھوڑ گئے کہ آپ عوام کو خبریں دیں ہم فلم دیکھ کر آتے ہیں۔ یہ سن کر منگو بھی خوشی سے جھوم اُٹھا اور کروڑوں ناظرین سے کہا کہ میں نے تو پورا جنگل سنبھال لیا ہے پھر یہ اسٹوڈیو کیا چیز ہے۔

بچے اپنے پسندیدہ ہیرو کو اسکرین پر دیکھ کر پہلے تو حیرت سے دنگ رہ گئے پھر ڈونکی راجا کو اسکرین پر دیکھ کر بچوں کی فرمائشیں بھی بڑھ گئیں۔ کئی بچے خوشی سے ہلہ گلہ کرتے رہے اور کئی منگو کی گفتگو کو غور سے سنتے رہے۔

بچوں کا اپنے والدین سے کہنا تھا کہ ہم سے اب اور انتظار نہیں ہورہا، منگو کو جیو پر دیکھ کر ہمارا شوق اور بھی بڑھ گیا ہے اب ہمیں یہ فلم دیکھنے لازمی جانا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب تو منگو جیونیوز کے اسٹوڈیوز بھی پہنچ گیا ہے، ہمیں جلدی سے یہ فلم سنیما میں لے جاکر دکھا لائیں۔ 13؍اکتوبر سے ’’جیوفلمز‘‘ اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے تعاون سے ریلیز ہونے والی فلم پورے ملک میں دھوم مچارہی ہے۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین