• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 06 نومبر ، 2018

کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن آج بھی ہو گا

سپریم کورٹ کی ہدایت پر کراچی میں صدر اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کےخلاف آپریشن آج بھی ہوگا، گزشتہ روزآپریشن میں دکانوں کے سامنے قائم تجاوزات کو ہٹایا گیا تھا۔

کراچی میں صدر کے علاقے میں تجاوزات کی بھرمار ہے، آج تجاوزات کےخلاف آپریشن ایمپریس مارکیٹ، پاسپورٹ آفس اور اطراف میں کیا جائے گا۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے صدر اور اطراف میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر تجاوازت کے خلاف آپریشن ہوا،مگر نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات کی صورت برآمد ہوا، آپریشن کے بعد سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر دوبارہ پتھارے لگا دیئے گئے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے سپریم کورٹ کے حکم پر صدر اور اطراف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا تو مدد کیلئے پولیس اور رینجرز بھی ساتھ تھی۔

انسداد تجاوزات کی ٹیم نے ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، پاسپورٹ آفس اور ملحقہ سڑکوں پر پتھارے ہٹانے کے ساتھ ساتھ دکانوں پر لگے سن شیڈ بھی اتار لیےجبکہ دکانوں کے باہر قبضے کی گئی جگہوں کو بھی مسمار کر دیا۔

دوسری جانب صدر پارکنگ پلازہ کے اطراف قائم دکانداروں نے تجاوزات آپریشن کے خلاف احتجاج کیا اور ایمپریس مارکیٹ سے پارکنگ پلازہ جانے والا راستہ بند کردیا، جس سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک جام رہا، دیکھنے کی بات یہ ہے کہ آپریشن ختم ہوتے ہی علاقے کی سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر ٹھیلے اور پتھارے والے پھر قابض ہو گئے۔

کراچی کے علاقے کریم آباد میں محکمہ انسداد تجاوزات نے آپریشن کر کے غیرقانونی ٹھیلے اور پتھارے قبضے میں لے لیے۔

کریم آباد پل کے نیچے اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر رات گئے اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے آپریشن کیا اور غیر قانونی طور پر قائم پتھارے، ٹھیلے قبضے میں لے لئے۔

اینٹی انکروچمنٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن سے چند دن قبل انتباہی بینرز آویزاں کردیئے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود پتھاریداروں نے قبضہ ختم نہیں کیا جس پر کارروائی کی گئی۔

آپریشن کے دوران بجلی کے کھمبوں پر ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبل کی تاروں کے گچھے بھی کاٹ دیئے گئے، اینٹی انکروچمنٹ ٹیم کا کہنا تھا کہ مین روڈ پر ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبل کے تاروں کے گچھوں کی اجازت نہیں ہے۔