بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے گزشتہ روز اپنے شوہر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی سالگرہ کے موقع پر انہیں خوبصورت انداز میں سالگرہ کی مبارک باد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر ان کےلیے ایک خوبصورت پوسٹ جاری کیا ہے۔ انہوں نے اپنی اور ویرات کی تصویر شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ ’ان کی پیدائش کے لیےخدا کا شکر ہے۔‘
انوشکا شرما آج کل اپنی نئی فلم ’زیرو‘ کی تشہیری مہم میں کافی مصروف ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے اپنے شوہر کا جنم دن نا صرف یاد رکھا بلکہ اُن کے لیے سوشل میڈیا پر خوبصورت پیغام بھی جاری کیا۔ اس سے قبل اس جوڑے نے ہندوئوں کے تہوار ’کروا چوتھ‘ کے موقع پر بھی ایک دوسرے کے لیے محبت بھرے پیغامات شیئر کیے تھے۔
کروا چوتھ پر انوشکا نےاپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر اپنی اور ویرات کی تصویر شیئر کی اور ویرات سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرا چاند، سورج، ستارہ، میرا سب کچھ ‘اور پھر سب کو کروا چوتھ کی مبارک باددی ۔دوسری جانب ویرات نے بھی اپنی اور اہلیہ کی تصویر ٹوئٹر پر جاری کرتے ہوئے انوشکا کو کہا کہ ’میری زندگی، میری دنیا‘
ویرات کوہلی نے سالگرہ کی مبارکباد دینے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اپنی نئی ایپلیکیشن کے جاری کرنے کا اعلان بھی کیا جسے آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں پر ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس یپلیکیشن کے ذریعے آپ کو میری زندگی میں وہ کچھ جاننے کا موقع ملے گا جو اب تک آپ کو معلوم نہیں تھا اور جنہیں جاننے کے آپ یقیناً بہت بے چین ہوں گے۔
واضح رہے بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی شادی کی تقریب پچھلے سال دسمبر میں اٹلی کے شہر میلان کے مہنگے ترین ریزورٹ میں منعقد کی گئیتھی ،اس کے بعددونوں کی جانب سے دو استقبالیےکا اہتمام کیا گیا ایک 21 دسمبر کو نئی دہلی کے تاج ڈپلومیٹک انکلیو میں ہوا اور دوسرا ممبئی میں ہوا جس دونوں کے رشتے دار اور دوست احباب شریک ہوئے تھے۔