• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے پاکستان چھوڑنے پر مجبور کیا، وکیل آسیہ بی بی

توہین رسالت کے مقدمے میں بری ہونے والی آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے انہیں پاکستان چھوڑنے پر مجبور کیا ۔

میڈیا سے گفتگو میں سیف الملوک ایڈووکیٹ نے کہا کہ میری پاکستان چھوڑنے کی خواہش نہیں تھی ،اس کے برعکس مجھے ملک چھوڑنے کا کہا گیا۔

ان کا کہناتھاکہ ملک چھوڑنے سے قبل اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے نمائندوں نے مجھے پہلے تین دن تک اپنے پاس رکھا ۔

آسیہ بی بی کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ جان کے خوف سے انہوں نے خود اقوام متحدہ او ریورپی یونین کے نمائندوں سے رابطہ کیا ۔

وکیل سیف الملوک نے آسیہ بی بی کی پیروی کی تھی اور سپریم کورٹ سے بریت کے بعد مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے باعث وہ ملک چھوڑ گئے تھے۔

یاد رہے کہ توہین رسالت کے جرم میں ماتحت عدالتوں سے سزائے موت پانے والی آسیہ بی بی کی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے 31 اکتوبر کو خاتون کی رہائی کے احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد مذہبی جماعتوں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کیا گیا تھا۔

احتجاج کے دوران کئی شہریوں میں مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچاتے ہوئے کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی تھی۔

بعد ازاں 3 نومبر کو یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اپنی جان کو درپیش ممکنہ خطرے کے پیش نظر سیف الملوک نیدرلینڈز روانہ ہوگئے ہیں۔

ملک چھوڑ کر یورپ کے جانے کیلئے طیارے پر سوار ہونے سے قبل سیف الملوک نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ موجودہ صورتحال میں میرے لیے پاکستان میں رہنا ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے ابھی زندہ رہنا ضروری ہے کیونکہ مجھے ابھی بھی آسیہ بی بی کے لیے قانونی جنگ لڑنی ہے، انصاف کیلئے جنگ جاری رہنی چاہیے ۔

تازہ ترین