• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نارویجن پاکستانی کے لئے اعلیٰ سرکاری اعزاز، سال کی بہترین شخصیت قرار

ناروے کے ایک حکومتی ادارے نے ایک نارویجن پاکستانی کو اس سال کی پسندیدہ شخصیت قرار دے کر انہیں اپنے خصوصی ایوارڈ سے نوازا ہے۔

ناروے کی وزارت مساوات و سماجی ہم آہنگی کے ذیلی ادارہ برائے بہبود اطفال، نوجوانان و خاندانی امور ’’بوفدیر‘‘ نے ایک خصوصی تقریب کے دوران عزیز الرحمٰن کو یہ ایوارڈ دیا۔

نوبل پیس سینٹراوسلو میں منعقد ہونے والی اس تقریب کے دوران زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ناروے کی وزیر مساوات و سماجی ہم آہنگی مس لیندا ہوفستاد ہیلےلاند‘‘ نے اس تقریب کے دوران عزیزالرحمٰن کو پھول پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اعزاز سے غیرملکی پس منظر رکھنے والے دیگر لوگوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی۔

عزیزالرحمٰن جو اوسلو مونسپیلٹی میں غیرملکی پس منظر رکھنے والوں باشندوں کی تنظیموں کی کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، کو رول ماڈل کا یہ ایوارڈ ان کے اپنے علاقے ’’موٹنسرود اوسلو‘‘ میں غیرملکی پس منظر رکھنے والے لوگوں کے لیے سماجی خدمات پر دیا گیا ہے،خاص طور پر انھوں نے نوجوانوں کو سماجی کاموں میں متحرک کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

عزیز الرحمٰن جو ناروے کے مشہور پاکستانی عالم دین علامہ مشتاق احمد چشتی مرحوم کے فرزند ہیں، موٹنسرود اوسلو میں ایک ریڈیو چینل بھی چلا رہے ہیں۔

عزیز الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اس ایوارڈ سے ملنے والی50ہزار نارویجن کراون کی رقم کو وہ اپنے علاقے میں غیرملکی پس منظر رکھنے والے بچوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کریں گے۔

تقریب میں نارویجن باشندوں خصوصاً نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کچھ پاکستانی شخصیات بھی تقریب میں مدعو تھیں، جن میں پاکستان یونین ناروے کے عہدیدار ملک پرویز، اوسلو انڈر گراؤنڈ ریل کی یونین کے رہنما علی اصغرشاہد، سماجی شخصیات جاوید اقبال اور شیرافگن قابل ذکر ہیں۔

ادھر ’’پاکستان یونین ناروے‘‘ کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے عزیزالرحمٰن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ ایوارڈ ہماری پوری نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے لیے اعزاز ہے، ہمارے دیگر لوگوں کو بھی سماجی بہبود کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

تازہ ترین