• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: صدر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کا آج چوتھا دن

سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر کراچی کے علاقے صدرمیں آج تجاوزات کےخلاف آپریشن چوتھے روز معمول کے مطابق ہوگا، گزشتہ روز احتجاج کے باعث آپریشن روک دیا گیاتھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ صدر میں آج تجاوزات کے خلاف آپریشن معمول کے مطابق ہو گا، گزشتہ روز دکانداروں کو مہلت دی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق آج تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے کے لیے پریڈی تھانے کے باہر مختلف مشینری موجود ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ انسداد تجاوزات دیگر شہری اداروں کے ساتھ مل کر صدر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف اب تک بھرپور آپریشن کر چکا ہے۔

آپریشن کے دوران فٹ پاتھوں پر بنے ہوئے چھوٹے بڑے کیبنز، دکانیں، پتھارے، گنے کی مشینیں، لوہے کے جال اور دیگر سامان کو وہاں سے ہٹا کر فٹ پاتھ کو تجاوزات سے پاک کر دیا گیا۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن کی نگرانی میں کے ایم سی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ضلعی انتظامیہ، رینجرز، پولیس، ڈی ایم سی جنوبی اور شرقی، کنٹونمنٹ بورڈ، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، سوئی سدرن گیس اور کے الیکٹرک کے متعلقہ ذمے داروں کے ساتھ صدر کے مختلف علاقوں نیو پریڈی اسٹریٹ، پارکنگ پلازہ، کوآپریٹو مارکیٹ، رینبو سینٹر، ایمپریس مارکیٹ کے سامنے اور پاسپورٹ آفس سے متصل گلیوں میں آپریشن کیا ہے۔

اس دوران وہ دکانیں اور کیبنز جو فٹ پاتھوں پر باہر کی جانب نکلے ہوئے تھے یا وہ سامان جو فٹ پاتھوں پر رکھ دیا گیا تھا اسے جبکہ دکانوں کے اوپر لگے ہوئے وہ تمام بے ہنگم سائن بورڈز جو فٹ پاتھوں پر جھک رہے تھے انہیں بھی ہٹا دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز میئرکراچی وسیم اختر کا اس حوالے سے بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھاکہ انسداد تجاوزات آپریشن منطقی انجام تک پہنچائیں گے، دکاندار اور کاروباری حضرات تجاوزات سے باز رہیں، شہر میں قبضہ مافیا گروپس بہت ہیں، ایڈمنسٹریشن، پولیس، رینجرز ہمارے ساتھ ہیں، مہم ضرور کامیاب ہو گی، ویجیلنس ٹیمیں بنائیں اور کیمپس لگائے ہیں تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوں، حکومت سندھ اور میڈیا عوام میں اس حوالے سے آگاہی مہم چلائیں۔

تازہ ترین