• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا سنت و نفل نماز میں ہر رکعت میں مختلف سورتیں پڑھنا جائز ہے ؟

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال:۔ کیا سنت و نفل نماز میں ہر رکعت میں مختلف سورتیں پڑھنا جائز ہے ؟ مثلاً اگر میں نے ظہر کی نماز کی پہلی چار سنتیں پڑھنی ہیں تو کیا پہلی رکعت میں سورۃ الکافرون،دوسری رکعت میں سورۃ الاخلاص، تیسری رکعت میں سورۃ الفلق اور چوتھی رکعت میں سورۃ الناس وغیرہ پڑھنا بہتر رہے گا یا ہر رکعت میں ایک ہی سورت پڑھنا بہتر ہے؟میں نے ایک حافظ قرآن سے یہ مسئلہ پوچھا تو انہوں نے کہا کہ سنت و نفل نماز میں ہر رکعت میں ایک ہی سورت پڑھنا ہوگی، البتہ فرض نماز جب آپ اکیلے پڑھ رہے ہوں تو اگر آپ کو اور سورتیں آتی ہیں تو ہر رکعت میں مختلف سورتیں پڑھنا بہتر ہیں۔

دوسرا سوال یہ ہے کہ نماز میں جس ترتیب سے قرآن کی سورتیں ہیں، اسی ترتیب سے سورتیں پڑھنی ہیں یا آگے پیچھے بھی سورتیں پڑھ سکتے ہیں؟ (دانش زیب،راول پنڈی )

جواب:۔ فرض نماز کی پہلی دو رکعت میں الگ الگ سورتیںپڑھنا ضروری ہے، بلاعذر ایک سورت دونوں رکعتوں میں پڑھنا مکروہ ہے، البتہ اگر کوئی عذر ہو، جیسے دیگر سورتیں یاد نہیں ہیں یا پہلی رکعت میں سورۃ الناس پڑھ لی تو اب دوسری رکعت میں وہی سورت پڑھ لی جائے، اس کے علاوہ نوافل میں یہ ضروری نہیں ہے ،بلکہ نوافل وسنن میں ہررکعت میں الگ الگ سورت بھی پڑھی جاسکتی ہے اور یہ بہتر بھی ہے اور ایک ہی سورت بھی پڑھ لی جائے تو حرج نہیں ہے۔

2۔فرض نماز میں سورتوں کو ترتیب سے پڑھنا واجب ہے ، لیکن اگر کسی وجہ سے ترتیب قائم نہ رہ سکی تو سجدۂ سہو واجب نہیں ہوگا اور قرآن کی ترتیب کا خیال رکھنا صرف فرائض میں ضروری ہے ،سنن ونوافل میں نہیں۔(الدر المختار مع ردالمحتار،1/ 546)

تازہ ترین