• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ سے مجرموں، قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ ہوگا

وفاقی کابینہ نے برطانیہ سے مجرموں اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے اور جنوبی آئرلینڈ سے قیدیوں کے تبادلے کی منظوری دے دی، نئی ائیرلائن لبرٹی ائیر کو بھی لائسنس دینے کی منظوری دے دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو دورہ چین اورقومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں پر بھی اعتماد میں لیا، وزیر خزانہ اسد عمر نے چین کے ساتھ معاہدوں کی تفصیلات بتائیں۔

وزیر اعظم نے کابینہ کو بتایا کہ سعودی عرب کے بعد چین کا دورہ بھی انتہائی کامیاب رہا، ادائیگیوں کے توازن کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملی ۔

وزیرمملکت داخلہ نے احتجاج میں ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی اور نقصانات کا معاوضہ ادا کرنے سے متعلق بھی بتایا۔

وفاقی کابینہ نے ملک میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں اہم معاہدوں کی منظوری بھی دی گئی جن میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کوسٹ گارڈ معاہدہ، پاک سوڈان کے سیاحت اور جنگلی حیات کے تحفظ کے معاہدے ، سیلولر کمپنی ہواوے کے ساتھ کمیونی کیشن ٹیکنالوجی ٹیلنٹ پروگرام معاہدے اور پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان سفارتی تعلقات کےفروغ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔2017ء کی پارلیمنٹرینز اور ٹیکس دہندگان کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ٹیکس کے بارے میں پالیسی وضع کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی۔ کابینہ نے برطانیہ سے قیدیوں اور مجرموں کے تبادلے کا معاہدہ کرنے کی منظوری بھی دی۔

تازہ ترین