• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عافیہ صدیقی کی بہن کے بیانات سے تنازع پیدا ہورہا ہے، فیصل واوڈا

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈانے کہا ہے کہ سعودی عرب کے پیکیج کے ساتھ کوئی شرائط نہیں ہیں، عافیہ صدیقی کو ضرور واپس آنا چاہئے لیکن ان کی بہن کے بیانات سے تنازع پیدا ہورہا ہے، بلاول بھٹو کا بہت جمہوری رویہ ہے ان کے ساتھ کام کرنا چاہوں گا،’ج‘ کا ڈاٹ اکثر مجھے نون لیگ کا ’ن ‘نظر آتا ہے، مذہب کے نام پر ایک جتھہ پاکستانیوں کو بلیک میل کررہا ہے، مریم نواز نے ایک عجیب ٹوئٹ کو لائیک کیا اس سے احتراز کرنا چاہئے تھا،چیف جسٹس نے آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں نام ڈالنے کا حکم نہیں دیا تو نہیں ڈالیں گے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ اور پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ نواز کھوکھربھی شریک تھے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فوج اور ججوں کیخلاف فتویٰ دینے والوں کیخلاف کوئی کارروا ئی نہیں ہوتی تو یہ این آر او ہی ہے عافیہ صدیقی کی واپسی میں تمام جماعتیں حکومت سے تعاون کریں گی،اپوزیشن نے حکومت کو تلخ زبان کے باوجود 65 دن برداشت کیا، پی ٹی آئی تیسری جماعت نہیں اس میں 70فیصد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لوگ ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں ساری پی ٹی آئی جیل جائے گی،حکومت نے مظاہرین سے معاہدہ میں مکمل سرینڈر کردیا ہے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی وطن واپسی پاک امریکا تعلقات پر منحصر ہے، پارلیمنٹ میں قابل اعتراض گفتگو میں سیاسی جماعتوں کی قیادت کا بڑا کردار ہے، مظاہرین کے سامنے سرینڈر کے ریاست کیلئے دور رس نتائج ہوں گے۔فیصل واوڈا نے کہا کہ امریکا یا کسی ملک کی طرف سے آج تک کسی کوغیرمشروط رہائی کبھی نہیں ملی،فوزیہ صدیقی وقت سے پہلے کوئی بات نہ کریں اور حکومت کو معاملہ ہینڈل کرنے دیں۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پارلیمان کی عزت کی باتیں اس وقت اچھی لگتی ہیں جب آپ وہاں عوام کی بہتری کیلئے کچھ کریں، یہاں جمہوریت عوام کیلئے نہیں اپنے مفاد کیلئے استعمال ہوتی رہی، تحریک انصاف ذاتی مفاد نہیں پاکستان کے مفاد کا تحفظ کرنے والی پارٹی ہے، ہمارا لیڈرایماندار، خوددار اور عالمی سطح پر قابل قبول شخص ہے، ڈیم چالیس سال پہلے بننے چاہئے تھے کسی نے توجہ نہیں دی، داسو ڈیم میں تاخیر پر حکومت کو 34کروڑروپے روزانہ کا نقصان ہوہا ہے، پارلیمنٹ میں اظہار خیال کیلئے ضابطہ اخلاق کی تجویز تحریک انصاف نے ہی دی ہے،۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ پارلیمنٹ میں شاہد خاقان عباسی نے اپنی پرورش اور میں نے اپنی پرورش کے مطابق رویہ اختیارکیا۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میرا لیڈر نہ کبھی جیل گیا نہ این آر او کیا اور نہ اس کا نام کرپشن میں آیا، کچھ اداروں میں ابھی تک بیس فیصد ن لیگ کے وفادار لوگ ہیں، یہ بات درست نہیں کہ عمران خان غلط زبان استعمال کرنے والوں کو تھپکی دیتے ہیں، تحریک انصاف کسی سے کوئی ڈیل کر کے اقتدار میں نہیں آئی، پی ٹی آئی ڈیل کر کے آنا چاہتی تو مشرف کے دور میں ہی آجاتی۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ ن لیگ نے دھرنا ختم کرنے کیلئے فوج کو بلایا ہم نے فوج کو نہیں بلایا، ن لیگ نے معاہدہ میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ اور لوگوں کو مارنے والوں کو رہا کیا، ہم نے مظاہرین کے ساتھ معاہدہ کیا لیکن کسی توڑ پھوڑ کرنے والے کو چھوڑنے کی بات نہیں ہوئی، اداروں کو تحفظ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت کی رِٹ چیلنج نہیں ہونے دیں گے۔

تازہ ترین