• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شنگھائی الیکٹرک منتقلی، کے الیکٹرک پہلےمالی معاملات نمٹائے

وفاقی سیکریٹری پاور عرفان علی نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی پاور کو بتایا کہ کے الیکٹرک کیلئے بہتر ہوگا کہ چینی کمپنی شنگھائی الیکٹرک کو منتقلی سے پہلے این ٹی ڈی سی اور سوئی سدرن سے اپنے لین دین کے مالی معاملات نمٹالے ورنہ کے الیکٹرک کیلئے مشکلات پیدا ہونگی ۔

سیکرٹری پاور نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ سوئی سدرن اور این ٹی ڈی سی کا کراچی واٹر بورڈ کی طرف کے الیکٹرک کے بقایا جات سے کوئی تعلق نہیں ، کے الیکٹرک کوہر ادارے سے اپنے الگ الگ حساب کلیئر کرنا ہو گا ، لین دین کا کوئی اکٹھا کلیہ نہیں چلے گا ۔

انہوں نے بتایا کہ کے الیکٹرک کو نیشنل گرڈ سے 650میگاواٹ بجلی دینے کا معاہدہ2015میں ختم ہو چکا ،بجلی سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر دے رہے ہیں ۔

سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے بتایا کہ نیشنل گرڈ سے بجلی معاہدے میں توسیع کیلئے پاور ڈویژن سے بقایاجات کے معاملے پر بات چیت جاری ہے کے الیکٹرک نے این ٹی ڈی سی کے 50ارب روپے دینے جبکہ وفاقی حکومت سے سبسڈی کی مد میں 65ارب روپے لینے ہیں ۔

مونس علوی نے بتایاکہ وفاقی حکومت ہمیں ادائیگی نہیں کرتی تو کیسے این ٹی ڈی سی کو 50 ارب روپے ادا کریں ، سیکریٹری پاور نے جواب دیا کہ این ٹی ڈی سی وفاقی حکومت نہیں ۔

تازہ ترین