• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی جی نیب لاہور کی ڈگری سے متعلق کیس سماعت کیلئے مقرر

سپریم کورٹ نے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی ڈگری سے متعلق کیس سماعت کےلئے مقرر کردیا ہے۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ 12 اکتوبر کو ڈی جی نیب لاہور کی ڈگری سے متعلق کیس کی سماعت کرے گا۔

بنچ کے دیگر ارکان میں جسٹس اعجاز الحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ شامل ہیں، سپریم کورٹ نے کیس کے لئے درخواست گزار کو نوٹس جاری کردیا ہے۔

اسد کھرل نامی شہری نے ڈی جی نیب لاہور کی مبینہ جعلی ڈگری کے حوالے سے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔

گزشتہ روز ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے حوالے سے کہا تھا کہ شہباز شریف کیخلاف ہمارے پاس ثبوت آگئے ہیں اور ایسے بیانات سامنے آئے ہیں جس سے ہم مطمئن ہیں کہ ہمارا کیس بہت مضبوط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال بھی کرپشن ہے اور دستاویزات سے پتا چلتا ہے کہ شہباز شریف نے دوسروں کو فائدہ پہنچایا، ان کے خلاف اس مہینے کے آخر تک ریفرنس فائل ہو جائے گا۔

ن لیگ کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈی جی نیب لاہور کی ڈگری پر سوالیہ نشان لگادیا، کہتے ہیں ان کی ڈگری متنازع ہے، وہ اپنی ڈگری پیش کریں تاکہ ایچ ای سی سے تصدیق کرائی جاسکے،اگر وہ جعلی ڈگری سے ڈی جی نیب بنے ہیں تو احتساب ان کا بھی ہونا چاہیے۔

تازہ ترین