• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو پارٹی سے نکال دیا

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے پارٹی کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو تنظیم کی بنیادی رکنیت سے خارج کردی اور انہیں پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

رابطہ کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کارکن ڈاکٹر فاروق ستار سے کسی قسم کا میل جول نہ رکھیں۔

5 فروری 2018ء کو ایم کیو ایم کے سینئر رہنمائوں کے درمیان اختلافات تب سامنے آئے جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار کامران ٹیسوری کو سینیٹ انتخابات کےلئے پارٹی ٹکٹ دینا چاہتے تھے۔

فاروق ستار کے فیصلے کے مخالفت میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کھڑی ہوگئی جس کے بعد پارٹی دوحصوں یعنی ایم کیو ایم بہادر آباد اور ایم کیو ایم پی آئی بی میں تقسیم ہوگئی تھی۔

25 جولائی کے عام انتخابات سے قبل دھڑے ایک تو ہوئے لیکن بدترین شکست کے بعد وہی صورتحال پیدا ہوئی جو 5 فروری سے تھی۔

جامعہ کراچی میں ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے یہ عندیہ دیدیا تھا کہ فاروق ستار اپنے بیانات کی وجہ سے شاید اب پارٹی میں نہ رہیں، اور پھر وہی ہوا جو  انہوں نے کہا تھا۔

ذرائع کے مطابق 9 نومبر 2018ءکو رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈاکٹر فاروق ستار کی پارٹی رکنیت  خارج کرنے کا فیصلہ ہو ہی گیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا شمار 35 سالہ متحدہ قومی مومنٹ کی چوٹی کے رہنماوں میں ہوتا رہا،وہ بانی ایم کیو ایم، عظیم طارق اور عمران فاروق کے بعد فاروق ستار پارٹی کےاہم رہنما تھے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا سیاسی مستقبل کیا ہوتا ہے یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔

تازہ ترین