• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر ملکی سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی پوری دنیا میں تیزی سے پھیلتی اور سستی ہوتی نظر آرہی ہے، جس کی رسائی اب ہر عمر کے انسان اور ہر طبقے تک ہے۔ یہ ٹیکنالوجی سوئچ بورڈسے لے کر خلاء میں قدم رکھنے تک پھیلی ہوئی ہے، جیسے جیسے اس میں جدت آتی جارہی ہے ویسے ویسے اس کی قیمتوں میں بھی کمی ہوتی نظر آرہی ہے۔

کراچی میں سرمایہ کاری کے حوالے سے منعقدہ دو روزہ کانفرنس میں متعدد غیر ملکی سرمایہ کاروں، آئی ٹی ماہرین اور کاروبار سے منسلک لوگوں نےشرکت کی اور شرکاء سے خطاب بھی کیا۔ کانفرنس میں کاروباری شخصیات کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، شرکاء ماہرین کی آراء سے بھرپور طریقے سے فیض یاب ہوئے۔

کانفرنس کا انعقاد ’نیسٹ آئی او‘ نے کیا جو پاکستان کا سب سے بڑا انکیوبیٹر ہے، کانفرنس کی روح رواں ’نیسٹ آئی او‘ کی صدر جہاں آراء نے ابتدائی خطاب میں کہا کہ کانفرنس کا مقصد لوگوں کوسرمایہ کاری، سوشل نیٹ ورکنگ، آئی ٹی، سوفٹ وئیر اور گوگل جیسی جدید ٹیکنالوجی اور جدت طرازی سے آگاہ کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ وہ کانفرنس کے ذریعے اسپیکرز کو ایک ایسا پلٹ فارم مہیا کرنا چاہتی تھیں جہاں تمام ماہرین اور پیشہ ور افراد ایک ہی چھت کے تلے جمع ہوکر اپنے خیالات ایک دوسرے سے شیئر کر سکیں۔ انہوں نے مختصر مدت میں کانفرنس کے انعقاد اور انتظام و انصرام کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا اور اپنے ساتھیوں کو اظہار تشکر کیا۔

کانفرنس میں شریک غیر ملکی سرمایہ کاراور ٹیکنالوجی کے ماہر پال پاپا ڈیمیٹریو کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ڈھائی ارب آبادی ٹیکنالوجی کو خریدنے کی صلاحیت رکھتی ہے، یہ لوگ ٹیکنالوجی کا نا صرف استعمال کررہے ہیں بلکہ اس کو نئے نئے طریوں سے دنیا میں متعارف بھی کروارہے ہیں اور یہی لوگ روز بہ روز ٹیکنالوجی میں ہونے والی جدت کی وجہ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کا حصہ اب نا صرف مرد بلکہ خواتین بھی بن رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں ا یک ارب خواتین اپنا ذاتی کاروبار چلارہی ہیں۔

انہوں نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مستقبل ہماری نوجوان نسل ہے جس نے ٹیکنالوجی کو مزید آگے لے کر جانا ہے۔ اس کے لیے انہیں ابھی سے کام کرنا ہوگا۔ نئے صارفین کی تلاش، نیا کام کرنے کی طاقت،نئے تخلیق کاروں کو آگے لانا ہوگا۔

کمپنی ’آ سنگل ڈراپ‘ (a single drop ) کی شریک بانی گیما بولوس نے بھی کانفرنس میں موجود شرکاء سے خطاب کیا اور اپنے تجربات اور خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے پاکستان میں کس طرح سرمایہ کاری کا آغاز کیا۔

کانفرنس میں ملک کی مشہور و معروف کمپنیوں کی اعلیٰ قیادت کے علاوہ میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی تاہم یہ کانفرنس کل یعنی اتوار کو بھی جاری رہے گی جس میں مزید سرمایہ کار اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

تازہ ترین