• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام الناس میں صفائی کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے پاکستان نیوی کی جانب سے سی ویو پر ساحل کی صفائی اور شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں پاکستان نیوی کے افسران، جوانوں، بحریہ کالج اور بحریہ ماڈل اسکول کے طلباءاور مختلف سول سوسائٹی کے افراد نے حصہ لیا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پراپنے خطاب میں گورنر سندھ نے موسمی تبدیلیوں پر آلودگی کے منفی اثرات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ صاف اور سر سبز ماحول ان منفی اثرات کی کمی میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے ساحل اور سمندری حیات کی حفاظت میں پاکستان نیوی کے کردار کو تسلیم کیا اورزور دیا کہ دیگر سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو اس عظیم قومی فریضہ کی ادائیگی میں پاکستان نیوی کے شانہ بشانہ کھڑے رہناچاہیے۔

تقریب کے اختتام میں گورنر سندھ نے اے کے خان پارک میں پودہ لگا کر اس مہم میں عملی طور پر حصہ لیا اور ساحل کی صفائی میں موجود شرکاءکے ساتھ ساتھ رہے۔

صفائی مہم کے شرکاءنے ساحل سے کچرے اور پلاسٹک کی استعمال شدہ اشیاءکو اکھٹا کرکے ٹھکانے لگایا ۔

تقریب میں شو بز اور کھیل سے وابستہ نامور اسٹارز کی موجودگی نے شرکاءمیں نیا جوش و ولولہ پیدا کیا۔

اس موقع پر کمانڈر کراچی، ریئر ایڈمرل آصف خالق نے شرکاءکا استقبال کیا۔انہوں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ساحلی پٹی کی حفاظت اور مینگروز کے ذریعے آبی حیات کی بقاء اور مختلف شجر کاری مہمات کے بارے میں پاکستان نیوی کی کوششوں کو اجاگرکیا۔

سمندری سرحدوں کے دفاع کی بنیادی ذمہ داری کے علاوہ پاک بحریہ صاف اور سرسبز ماحول کی بقاءکے لیے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرتی ہے۔ اس سلسلے میں ساحلوں اور بندرگاہوں کی صفائی کے علاوہ ساحل سمندر سے لے کر مارگلہ کی پہاڑیوں تک شجرکاری اور مینگروز لگانے کی سرگرمیوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کیا جاتا ہے۔

قدرتی ماحول اورباالخصوص آبی ماحول کے تحفظ کو فروغ دینے کی خاطر پاک بحریہ ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔ حال ہی میں مبارک ولیج کے ساحل پر تیل کے رساؤ کے باعث پھیلنے والی آلودگی پر قابوں پانے کے لئے پاک بحریہ کی کوششیں قدرتی ماحول اور زندگی کے بچاؤ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا عملی اظہار ہے۔

مبارک ولیج میں چار روز تک جاری رہنے والی اس صفائی مہم نے نہ صرف آبی حیات بلکہ ملکی معیشت اور قدرتی ماحول کے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سی ویو پر منعقد ہونے والی آج کی صفائی اور شجرکاری مہم بھی پاک بحریہ کی جانب سے صاف ستھرے ماحول کے لیے کی جانے والی کوششوں کا تسلسل تھی۔

تازہ ترین