• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اہلیہ کی یاد میں’تاج محل‘بنانیوالا ٹریفک حادثے میں جاں بحق

بھارتی ریاست اترپردیش میں اپنی مرحوم اہلیہ کی یادگار کے طور پر’منی تاج محل‘ بنانے والا 83سالہ فیض الحسن قادری ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا۔


بھارتی اخبار کے مطابق ریٹائرڈ پوسٹ ماسٹر فیض الحسن قادری کے بھتیجے محمد اسلم قادری نے بتایا کہ وہ بلند شہر میں واقع اپنے گھر سے جمعرات کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے چہل قدمی کے لئے نکلے تھے کہ نامعلوم گاڑی نے اُنہیں ٹکر ماردی، وہ زخمی حالت میں وہیں پڑے رہے اور ہمیں رات ایک بجے حادثے کی اطلاع ملی۔

اُنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا پھر وہاں سے علی گڑھ لے کر گئے جہاں وہ جمعہ کی صبح گیارہ بجے انتقال کرگئے۔

فیض الحسن کی اہلیہ تجمل بیگم 2011ء میں گلے کے کینسر کے باعث انتقال کرگئی تھیں، اُن کی شادی 1953ء میں ہوئی تھی لیکن کوئی اولاد نہیں تھی۔

فیض الحسن نے اہلیہ کے انتقال کے بعد تاج محل کی نقل تعمیر کرنا شروع کی،جس کے لئے اُنہیں اپنی زمین کا ایک حصہ اور اہلیہ کے سونے چاندی کے زیورات بھی فروخت کرنا پڑے تھے۔

قادری کی اہلیہ وہیں مدفن ہیں جبکہ انہوں نے اہلیہ کے پہلو میں اپنے لئے بھی جگہ رکھی تھی اور انتقال کے بعد خود کو یہیں دفن کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

فیض الحسن کے بھتیجے کا کہنا ہے کہ وہ اپنے چچا کی خواہش پوری کرنا چاہتے ہیں، اُنہیں اہلیہ کے پہلو میں سپردخاک کیا جائے گا اورتاج محل کا اسٹرکچر ابھی نامکمل ہے جسے ماربل لگا کر مکمل کیا جائے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین