• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، حکومت عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے۔

لاہور میں شیلٹرہوم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی حکمرانی سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کرنے سے ممکن ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ شیلٹر ہوم آسمان تلے رات بسرکرنے والے افراد کے لئے بنایا جارہا ہے،یہ اقدام فلاحی ریاست کی جانب پہلا قدم ہے جو آج اٹھایا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو غربت سے نکالنے کے لیے ایک بڑا پیکیج لارہے ہیں،پنڈی میں جگہ ڈھونڈ لی ہے، پشاور میں وزیراعلیٰ سے کہا ہے کہ پناہ گاہ کے لیے جگہ ڈھونڈی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بحران سے نکل گیا ہے، حکومت میں آتے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،ملک کوڈیفالٹ ہونے سےبچانے کے لیے اقدامات کیے۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں بادشاہت کا تصور تھا، وزیراعلی پنجاب اس علاقے سے ہیں جہاں بجلی نہیں،ایسے لوگوں کو سہولتوں کے فقدان کا احساس ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو جب وزیر اعلی بنانے کا فیصلہ کیا تو پارٹی کے کئی لوگوں نے خدشات ظاہر کئے،لیکن میں نے ان پر اعتماد کیا۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن سے متعلق کل تفصیلی بات کروں گا۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل وزیراعظم کے لاہور پہنچے،انہوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر چوہدری سرور سمیت پنجاب کابینہ سے ملاقات کی،انہیں صوبائی حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان پر بریفننگ دی گئی۔

تازہ ترین