• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلے دور نہ ہوں تو غصہ سیکرٹ بیلٹ پر نکلتا ہے، پرویز الٰہی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اگر ہم اپنے گھر میں بیٹھ کر بات نہیں کریں گے تو پارٹی کیسے چلے گی؟پارٹی میٹنگ میں یہی ہوتا ہے،اگر کسی کو گلہ ہوتا ہے تو وہ بات کرتا ہے، پھر بھی گلے دور نہ ہوں تو غصہ بیلٹ پر نکلتا ہے۔

جہانگیر ترین سے گورنر پنجاب کی شکایت کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ کو گلہ ہے کہ ان کے حلقے میں مداخلت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمارا رکن ہم سے بات نہیں کرے گا تو اس کے مسائل کیسے حل کریں گے؟ جائز گلے ہوتے ہیں تو وہ دور بھی کئے جاتے ہیں، گلے دور نہ ہوں تو پھر غصہ سیکرٹ بیلٹ پر نکلتا ہے۔


انہوں نے گورنر پنجاب کی جہانگیر ترین سے شکایت لگانے والے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے بارے میں کہا کہ وہ کھرے آدمی ہیں،کوئی بات دل میں نہیں رکھتے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں، جو آگے بھی جاری رہیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے عمران خان کے ساتھ ہیں،عثمان بزدار دھڑلے سے فیصلے کررہے ہیں۔

چوہدری پرویزالٰہی نے اس بات کو درست مانا کہ جہانگیر ترین کے بجائے یہ بات عمران خان سے کی جانی چاہیے تھی لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جو پہلے ہاتھ آگیا پہلے اس سے بات کرلی۔

تازہ ترین