• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ولی کامل کا ہر لمحہ اللہ کی یاد میں گزرتا ہے، علامہ طیب ہزاروی

کوونٹری (پ ر) کامل ولی پیر سید نصیر الدین رحمتہ اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک کی روحانی محفل آستانہ عالیہ دیوان حضوری رحمتہ اللہ علیہ کوونٹری میں زیر صدارت صاحبزادہ حسیب حسن شاہ منعقد ہوئی، مہمان خصوصی نامور عالم دین علامہ محمد طیب ہزاروی تھے، انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ والوں کو نہ کوئی خوف اور نہ غم ہوتا ہے، ان کی زندگی کا ہر لمحہ اللہ کی یاد میں گزرتا ہے۔ دربار عالیہ گولڑہ شریف کے چشم و چراغ پیر سید نصیر الدین نصیر رحمتہ اللہ علیہ ساری زندگی اللہ اور اس کے محبوب کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پیغامات امت مسلمہ تک پہنچاتے رہے، وہ اللہ کے کامل ولی مدبر محقق مصنف اور شاعر تھے۔ ان کی زندگی کا مشن بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ راست پر لانا تھا، ان کی محفل میں جو بھی آیا فیض یاب ہوگیا، پیر سید نصیرالدین رحمتہ علیہ صاف گوحق گو تھے، شریعت اسلام پر خود بھی سختی سے عمل کرتے اور اپنے مریدین کو بھی سختی سے عمل کرنے کی تاکید کرتے۔ اللہ پاک اللہ کے کامل ولی کے عرس پاک میں آنے والوں پر اپنا خاص کرم فضل و رحم فرمائے اور ولی کامل کے فیض سے سب کو فیض یاب کرے، دربار رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم میں ہدیہ نعت و عارفانہ کلام صوفی امجد احسان نقشبندی، چوہدری محمد ظفیر مدنی، اللہ دتہ چوہدری نے پیش کئے۔ عالم اسلام کے مظلوم مسلمانوں کے لئے خصوصی دعا اور کوونٹری کی سماجی شخصیت اور دربار عالیہ دیوان حضوری رحمتہ علیہ کے عقیدت مند اور سجادہ نشین دربار عالیہ دیوان حضوری پیر دلدار علی شاہ کے دیرینہ اور باوفا ساتھی حاجی محمد بشیر و دیگر مرحومین کی مغفرت کے لئے صاحبزادہ حسیب حسن شاہ نے دعا کی شرکائے تقریب کو لنگر بھی پیش کیا گیا۔
تازہ ترین