• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی جنگ کے 98 سالہ ویٹرن کے حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے انعامی رقم

لندن (نیوز ڈیسک) دوسری جنگ عظیم کے 98 سالہ ویٹرن پر حملے کے ذمہ داروں کو پکڑنے میں مدد کیلئے 10000 پونڈ انعامی رقم کا اعلان کیاگیا ہے۔ پیٹر گولڈن سٹون پر اس کے گھر میں نشانہ بنایا تھا اور حملہ آور اسے مرنے کیلئے چھوڑ گئے تھے۔ انفیلڈ نارتھ لندن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران اس پر تشدد کیا گیا تھا۔ پیٹر گولڈ سٹون کی فیملی نے اس کی ہسپتال کی تصویر جاری کی ہے، جہاں وہ موت و زیست کی کش مکش میں مبتلا ہے۔ اس کے دماغ پر بھی دو زحم آئے ہیں۔کرائم سٹاپرز نے اس گھانونی واردات میں ملوث افراد کی گرفتاری میں مدد کیلئے 10000 پونڈ انعام کا اعلان کیا ہے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ یہ معمر شخص پر تشدد کا انتہائی خوفناک واقعہ ہے۔ حملہ آوروں نے اسے اس گھر میں مرنے کیلئے چھوڑ دیا تھا جس کو وہ اپنے لئے محفوظ ترین سمجھتا تھا۔ ڈیٹیکٹیو انسپکٹر پال ریڈلے نے کہا کہ میری ٹیم ملزمان کی گرفتاری کیلئے اتھک کوششیں کر رہی ہے۔ پیٹر کے بیٹے سائمن گولڈسٹون نے رپورٹرز کو بتایا کہ اس کا والد سابق ٹیلی فون انجینئر ہے، اس نے جنگ عظیم دوئم کے دوران اٹلی میں فون لانز پر کام کیا تھا پھر وہ پوسٹ آفس سے وابستہ ہو گیا تھا، جہاں سے 1980 میں ریٹائر ہوا تھا۔ اس نے کہا کہ میرے والد مجھے نیم بے ہوشی کی حالت میں ملے تھے۔ گھر کا دروازہ توڑا گیا تھا۔ سائمن کو ان کے والد کے بارے میں ایک پڑوسی نے الرٹ کیا تھا۔ سائمن نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ حملہ آور ایک معمر شخص کو نشانہ بنانے کے بعد کس طرح چین سے رہ سکتے ہیں، ان حملہ آوروں کو جلد جیل کی سلاخوں کے پیچھے قید کرنا زیادہ بہتر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس غیرانسانی حملے کو بیان کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ مجھے والد کی حالت دیکھ کر شدید صدمہ پہنچا ہے۔ میں بھی خوفزدہ ہوں۔ یہ واقعہ 5 نومبر کو پیش آیا تھا۔ گھر سے 25 انچ کا بلیک پیناسونک ٹی وی اور دیگر کئی آئٹمزچوری ہوئے۔ پولیس نے کہا کہ پیٹر گولڈسٹون 60 برسوں سے اس ٹیرس ہائوس میں رہائش پذیر ہیں۔
تازہ ترین