• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کیساتھ کھڑے ہیں،عدالتی فیصلوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا،عمل نہ کیا جائے تو ریاست نہیں چل سکتی،آج ایسے انکشاف کروں گا میڈیابھی انجوائے کریگا،عمران خان

لاہور(نمائندہ جنگ؍خبر ایجنسیز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی کیلئے عدالتی فیصلوں پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، عدالتی فیصلوں پر عمل نہ کیا جائے تو ریاست نہیں چل سکتی، حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آج ایسے انکشاف کروں گا میڈیا بھی انجوائے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آنے کے بعد ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے میں لگے ہوئے تھے اور ملک بحران سے نکل گیا ہے، 100 روز کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے، لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر لانے کیلئے ایک ایسا پیکیج لے کر آرہے ہیں جو اس سے پہلے کبھی نہیں آیا اورہم اس کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرینگے ، پاکستان کو ایسی فلاحی ریاست بنائیں گے جس کی مثال دی جائے گی۔ لاہور میں شیلٹر ہوم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم وسائل نہیں احساس کی کمی کاشکار ہیں، ہم نے احساس پر مبنی ایک معاشرے کو تشکیل کرنا ہے، یہی وجہ ہے کہ حکومت نے سڑکوں پر رات گزارنے والوں کے لیے پناہ گاہ منصوبے کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے بتایا کہ رات کو کھلے آسمان تلے سونے والوں کے لیے لاہور میں 5 پناہ گاہیں قائم کی جائیں گی، جہاں مکمل سہولیات میسر ہوں گی اور پناہ گاہ منصوبہ چلانے کے لیے مخیر حضرات پر مبنی ایک بورڈ بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم میں احساس کی کمی ہے ، ہمیں سڑکوں پر سونے والوں کا خیال نہیں، جس کے دل میں مفلس لوگوں کو دیکھ کر رحم نہ آئے وہ انسان ہی نہیں۔ خطاب کے دوران انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تقرری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسے شخص کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ کیا جس کا گھر صوبے کے پسماندہ ترین علاقے میں ہے، جب میں نے عثمان بزدار کابطور وزیر اعلیٰ انتخاب کیا تو پارٹی میں سے بھی کچھ لوگوں نے خدشات ظاہر کئے، لوگ چاہتے ہیں کہ یہاں بادشاہ سلامت ہو جو محلوں میں رہے، عثمان بزدار ایسے علاقے سے آئے ہیں جہاں بجلی نہیں، ڈھائی لاکھ لوگوں کیلئے ایک اسپتال ہے، لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ان مشکلات کا احساس اسی کو ہو سکتا ہے جس نے خود یہ مشکلات دیکھی ہوں کہ مشکل میں کیسے گزارہ ہوتا ہے۔ جنوبی پنجاب میں ترقی کیلئے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا ہے،عثمان بزدار بھی وسیم اکرم اور انضمام الحق کی طرح اچھا انتخاب ثابت ہونگے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے پنڈی میں بھی اسی طرح کا سنٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختوانخوا کو کہا ہے اور پشاور میں جگہ ڈھونڈ لی گئی ہے، کراچی کیلئے گورنر سندھ کو کہا ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی کہوں گا کہ جو لوگ سڑکوں پر سوتے ہیں ان کے لئے پناہ گاہیں بنائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو غربت کی لکیر سے اوپر لانے کیلئے ایک ایسا پیکج لے کر آرہے ہیں جو اس سے پہلے کبھی نہیں آیا اورہم اس کیلئے چین کے تجربات سے استفادہ کرینگے اور جس کیلئے فلاحی کام کرنے والے ادارے ایک چھتری کے نیچے کام کریں گے،حکومت کے ابتدائی 100 روز میں غربت کے خاتمے سے متعلق اقدامات ترجیحی بنیادوں پر ہیں۔ خطاب کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو دیکھی جس میں ایک شخص نامساعد حالات میں اپنے بچوں کی کفالت کر رہا ہے۔ انہوں نے ویڈیو کے بارے میں مزید کہا کہ جو اس مزدور کے ساتھ ایسا کر رہے ہیں وہ انسانیت سوز سلوک کر رہے ہیں۔

تازہ ترین