• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ ہائیکورٹ نے ٹی 10لیگ میں ’کراچی‘ نام کا استعمال روکدیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سندھ ہائی کورٹ نے بیرون ملک ٹی ٹین لیگ میں حصہ لینے والی کسی بھی کرکٹ ٹیم کیلئے شہر کراچی کا نام استعمال کرنے سے روک دیا اور کراچینز فرنچائز کے مالک محمد عمران کو حکم دیا ہے کہ 15 نومبر تک کراچینز کےحق میں یا اس کیخلاف کسی بھی قسم کی اشتہار بازی یا مہم جوئی نہ کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق اپیل گزار سلمان اقبال و دیگر نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹی ٹین اسپورٹس مینجمنٹ ایف زیڈ ای، کراچینز کے مالک محمد عمران ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹاور اسپورٹس پرائیویٹ لمیٹڈ، چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ، چیئرمین پی ٹی اے اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت وفاقی حکومت کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بیرون ملک دبئی میں ٹی ٹین لیگ کے نام سے کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد ہو رہا ہے جس میں مختلف ناموں سے ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اورفریق نمبر 3؍ جواپنے آپ کو کراچینز کے مالک ظاہر کرکے دیگر مدعلیہان کے ساتھ مل کراپنی ٹیم کیلئے کراچی کا لفظ استعمال کررہے ہیں جبکہ اپیل گزار نے کراچی کے نام سے ٹریڈ مارک کے حقوق حاصل کررکھے ہیں اور مدعلیہان کراچینز کے نام سے کراچی اور پورے پاکستان میں مہم جوئی اشتہارات چلا رہے ہیں جس کے نتیجے میں اپیل گزار کو ناقابل تلافی نقصان ہو رہا ہے ۔ اپیل گزار نے عدالت عالیہ کو مزید بتایاکہ اس معاملے سے متعلق کیس پہلے سے ہی سنگل بنچ کے سامنے زیرسماعت ہے تاہم اس کی آئندہ سماعت 15 نومبرکو ہوگی اس وقت تک انتظار کرنا بہت نقصان دہ ثابت ہوگا لہٰذا عدالت عالیہ سے استدعاہےکہ مدعلیہان کو لفظ کراچی کے استعمال سے روکا جائے ۔ سندھ ہائی کورٹ کے 2؍ رکنی بنچ نے سماعت کے دوران اپنی آبزرویشن میں کہاکہ ہے کہ اپیل گزارکے مطابق یہ کیس پہلے سے ہی سنگل بنچ کے سامنے زیرسماعت ہے لہٰذا اگر ہم کوئی فیصلہ جاری کردیں تو اس کے نتیجے میں سنگل بنچ کے سامنے زیرسماعت کیس پر اثر پڑے گا لہٰذا عدالت عارضی طورپر حکم جاری کرتی ہے کہ بیرون ملک ہونے والی ٹی ٹین کرکٹ لیگ میں حصہ لینے والی کسی بھی ٹیم کیلئے شہر’ کراچی ‘ کا لفظ استعمال نہیں کیاجائے گا باالخصوص کراچینز فرنچائز کے مالک محمد عمران کو حکم دیاہےکہ وہ اس حوالے سے کسی قسم کی کوئی اشتہار بازی یا مہم جوئی کراچینز کے حق میں یا اس کے خلاف نہیں کریں گے اور تمام مدعلیہان 15نومبرکو سنگل بنچ کے سامنے پیش ہوں اور لفظ کراچی کے استعال کےحوالے سے سنگل بنچ ہی حتمی فیصلہ کرے گا۔
تازہ ترین