• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کابینہ ،نئی سرکاری گاڑیاں خریدنے،پلاسٹک اور پولی تھین بیگس کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کابینہ نے نئی گاڑیوں کی خریداری پر 3سال اور بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ صرف اُس وزیر یا افسر کو بلٹ پروف گاڑی ملے گی جس کی زندگی کو خطرہ ہو اور وہ بھی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی دی جائے گی جبکہ کابینہ نے سکھر ڈسٹرکٹ میں پلاسٹک اور پولی تھین بیگس کے استعمال پر بھی پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ ہفتہ کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ کابینہ نے اجلاس میں پولیتھین اور پلاسٹک بیگس کے تاجروں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا اور پہلے مرحلے میں سکھر ڈسٹرکٹ میں پلاسٹک اور پولی تھین بیگس کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں حیدرآباد اور کراچی میں پابندی لگائی جائے گی، مذکورہ پابندی 3 ماہ میں مرحلہ وار لگائی جائیگی اور کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پولی تھین اور پلاسٹک کی امپورٹ پر ڈیوٹی بڑھانے اور اسکی حوصلہ شکنی کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائیگی۔ کابینہ نے سندھ چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے بورڈ، شہید بے نظیر بھٹو انسٹیٹیوٹ آف ٹراما کراچی اور پولیس (پوسٹنگ، ٹرانسفر اینڈ پوسٹنگ) کے ڈرافٹ کو دیکھنے کیلئے کمیٹی قائم کی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس میں شدید بیمار یا عمر رسیدہ قیدیوں کی ہیومن رائٹس کے مسئلہ پر بحث کی گئی جس پر سپریم کورٹ نے اس پر ٹاسک ججمنٹ دی ہے کہ جو شدید بیمار ہیں انکو کمیٹی کے ذریعے ریلیز کیا جائے، کمیٹی نے 27 کیسز پر بحث کی جن میں 12 کیسز کی ریلیز کی سفارشات ہیں ان میں 1 قیدی ریلیز ہوگا،ایک بھارتی قیدی ہے جسے وزارت خارجہ کے تحت رہائی دی جائے گی ،ایک ڈیتھ کو ڈیتھ سینٹینس ہے، چار انڈر ٹرائل ہیں جبکہ 5 قیدیوں کو عمر قید دی گئی ہے، ان تمام قیدیوں کو کابینہ نے ریلیز کرنے کا فیصلہ منظور کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کو ہدایت کی کہ اس کیٹیگری کے تحت جو قیدی ریلیز ہوں ان پر نظر رکھے اور محکمہ جیل ہر تین ماہ کے بعد میڈیکل کمیٹی کے ذریعے اس قسم کے قیدیوں کی لسٹ کابینہ کو بھیجے، وزیراعلیٰ سندھ نے ان قیدیوں کی لسٹ طلب کرلی جو ایسی صورتحال کے باعث جیل میں ہیں ، انھوں نے غیر ملکی قیدیوں کی بھی لسٹ طلب کی۔ سندھ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں سرکاری افسران کے لیے گاڑیوں کی نئی پالیسی بنانا چاہتا ہوں، گریڈ 17 کے افسر کو لیز پرگاڑی خرید کر دی جائے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیراطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے کہاہے کہ سندھ پولیس میں تقرروتبادلوں پرقانون سازی میں آئی جی کو بااختیارہی رکھیں گے،کابینہ نے نگراں دور کے جیل سے متعلق فیصلوں کو مسترد کرتے ہوئے انتہائی بیمار اور معمر قیدیوں کی رہائی کا بڑا فیصلہ کیا ہے، یہ قیدی سیاسی نہیں بلکہ وہ قیدی ہیں جنہوں نے 15 برس جیل کی سزا پوری کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بھی جعلی اکائونٹس برآمد ہوئے مگران پرجے آئی ٹی نہیں بنائی گئی،سندھ حکومت جےآئی ٹی سے تعاون اورسرکاری ریکارڈ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے،انہوں نے کہاکہ شیخ رشید کی پیشن گوئی کو اب تو لال حویلی والے بھی سنجیدہ نہیں لیتے،تجاوزات ہٹانے پراعتراض نہیں ہونا چاہیئے،تجاوزات کے معاملے پر ایم کیوایم اور پی ٹی آئی والے لڑ رہے ہیں۔، وزیراعلی سندھ کی واضح ہدایت ہیں سیف سٹی منصوبہ مکمل کرینگے۔ انہوں نے بتایا کہ گندم کی امدادی قیمت پر چیف سیکریٹری پہلے مشاورت کریں گے اورآئندہ ہفتے کابینہ امدادی قیمت مقررکرے گی جبکہ گداگروں کے معاملے پربھی صوبائی کابینہ مزید غورکرے گی۔

تازہ ترین