• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”منگو “ نے گدھا گاڑی چلائی، گاڑی بانوں کےساتھ ڈونکی کنگ دیکھی

کراچی (محمد ناصر) پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ نے سب کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے۔ ملک بھر کے سنیما گھروں میں ڈونکی کنگ کا دھمال ہے ۔ ویک اینڈ پر کراچی میں ملک کے سب سے بڑے کیپری سنیما میں فلم کے ہیرو افضل خان عرف منگوکا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ہر دِل عزیز منگو جس گاڑی پر سوار ہوکر سنیما گھر آئے اس کی دلچسپی ”فراری“ پر بھی بھاری پڑ گئی۔ منگو نے ایم اے جناح روڈ پر گدھا گاڑی چلائی۔ جان ریمبو گدھا گاڑی پر اکیلے نہیں آئے بلکہ گدھوں سے پیار کرنے والے لیاری والوں کو بھی اپنے ساتھ لائے اور اُن کے ساتھ بیٹھ کر فلم دیکھی اور خوب انجوائے کیا۔ اُن کے ساتھ موجود سب ہی لوگوں نے منگو کا تاج اپنے سر پر سجارکھا تھا۔ لوگوں نے افضل خان(منگو) کے ساتھ گفتگو کی، مسکراہٹوں اور قہقہوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس موقع پر لیاری والوں کی بھی روایتی گدھا گاڑیوں پر انٹری ہوئی۔ لیاری والوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو ”ڈونکی کار“ کا ساتھی ہے وہ ہم لوگوں کا بھی ساتھی ہے۔ ہم جیو والوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہم غریب لوگوں کو بھی یہاں تک پہنچا دیا ہے۔ افضل خان جب سنیما میں داخل ہوئے تو اُن پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ سنیما انڈسٹری میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرنے والی ڈونکی کنگ کی گڈی ایسی چڑھی ہے کہ اُترنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔ کیپری سنیما کراچی کے ڈائریکٹر فرخ رؤف نے بتایا کہ اس فلم کا پانچواں ہفتہ جاری ہے اُس کے باوجود بھی فلم دیکھنے والوں کا رَش برقرارہے۔ توقع ہے کہ اتوار کے شوز بھی ہاؤس فُل ہوں گے۔ ملک بھر کے سنیما گھروں میں مسلسل پانچویں ہفتے راج کرنے پر جان ریمبو بھی پھولے نہیں سمائے۔ اُنہوں نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی فلم ہے جو شاندار کامیابی کے ساتھ پانچویں ہفتے میں داخل ہوگئی ہے اور عوام اب بھی کہہ رہے ہیں کہ ہمیں نہیں لگتا یہ فلم اُترے گی کیونکہ اس کے تمام شوز پیک جارہے ہیں۔ جان ریمبو نے اپنی تاریخی فلم کو سیلفیوں، سیٹیوں اور تالیوں کی گونج میں پھر دیکھا اور سب کے ساتھ دِل کھول کر انجوائے کیا۔ فلم کا کھڑکی توڑ بزنس بھی جاری ہے۔ ”ڈونکی کنگ“ نے چند ہفتوں میں 17 کروڑ روپے سے بھی زیادہ کمالئے ہیں۔ اتوار کو بھی عوام کی بڑی تعداد اس فلم کو دیکھنے کیلئے بے قرار ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں اسکول کے بچے بھی اپنے اساتذہ کے ساتھ اس فلم کو انجوائے کررہے ہیں۔ فلم دیکھنے کے بعد خاتون ٹیچر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار بچوں اور بڑوں کی مشترکہ طور پر اتنی شاندار فلم بنی ہے۔ ”دی ڈونکی کنگ“ جیوفلمز اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے تعاون سے ریلیز کی گئی ہے۔

تازہ ترین