• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم میں اختلافات میں شدت، رہنمائوں کے ایک دوسرے پرالزامات

کراچی(ا سٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان میں اندرونی اختلافات میں شدت آنے کے بعد اب سنیئر رہنمائوں کی جانب سے ایک دوسرے کے پول کھولنے اور کرپشن کے الزامات لگا نے میں تیزی آگئی ہے، ہفتہ کو کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مجھ سے جان چھڑانے کی کوشش بہت پہلے سے جاری تھی، عامر خان اور کنور نوید اپنے اثاثے بتائیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ فاروق ستار کو نظریاتی نہیں ضروریاتی گروپ بنانا چا ہئے، میرے پاس فاروق ستار کے کرپشن کے ثبوت ہیں، فاروق ستار کے بچے بیرون ملک کیسے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، انہوں نے دو بار پارٹی کا بیڑہ غرق کیا اور تیسری بار کرنے کی تیاری میں تھے۔ ایم کیو ایم نظریاتی کے نام سے اپنا دھڑا بنانے والے شاہد پاشا نے کہا کہ جو باتیں میں نے شروع میں کہیں آج فاروق ستار کر رہے ہیں، ہم نے ایم کیو ایم رہنمائوں سے اثاثے ڈکلیئر کرنے کی بات کی تو کیا غلط کیا، جو لوگ نائن زیرو پرانی چپلوں میں آتے تھے آج بڑی بڑی گاڑیوں میں آرہے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی محمد حسین نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کا طرز عمل ایم کیوایم دشمنی پرمبنی ہے۔ ایم کیوایم صرف پارٹی آئین پر چلے گی اب اکثریت کا فیصلہ ہوگا۔
تازہ ترین