• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’فواد چوہدری جھوٹ بولنے والے روبوٹ ہیں‘

پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو اور صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ دوسروں پر انگلیاں اٹھاکر عمران خان اور درباری اپنی نااہلی ثابت کررہے ہیں، فواد چوہدری جھوٹ بولنے والے روبوٹ ہیں۔

فواد چوہدری کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن سے پہلے کئے وعدے اور دعوے پورے کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون کا اطلاق علیمہ خان پر کیوں نہیں ہوتا؟ عمران خان سے اتحادی بھی نہیں سنبھالے جاتے۔

پی پی سینیٹر نے کہا کہ حکومتی ترجمان اپنی حکومت کیلئے آسانیاں کم مسائل زیادہ پیدا کر رہے ہیں،وہ ترجمانی کے بجائے اشتعال پھیلانے میں لگے ہوئے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے یہ بھی کہاکہ ہر عہدے پر اپنے سہولت کار لگانے سے زیادہ ایجنڈہ اور کیا ہو سکتا ہے،عمران خان کا ایجنڈہ فلاحی ضرور ہے مگر اپنے سہولت کاروں کیلئے قوم کیلئے نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کیلئے عمران خان کا ایجنڈہ فلاحی نہیں ہوائی ثابت ہو رہا ہے، حکمرانوں کے اطوار بتا رہے ہیں کہ یہ بھاگنا چاہتے ہین لیکن ہم بھاگنے نہیں دیں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ فواد چوہدری جھوٹ بولنے والے روبوٹ ہیں، نیب کے آفیسر سے بڑی رقم ملنا خود نیب کا بڑا سکینڈل ہے۔

تازہ ترین