• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا میں امن کیلئے حضرت محمدﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا، علمائے کرام

ویانا(اکرم باجوہ)نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے دنیا میں امن قائم ہوسکتا ہے،اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا، نبی کریم ﷺ سے محبت مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے، ان خیالات کا اظہار علمائے کرام نے اعوان ٹرانسپورٹ آسٹریا کے روح رواں حاجی ملک محمد امین اعوان کی زیر سرپرستی 13ویں عید میلادالنبیﷺ کی تقریب میں کیا، خصوصی محفل میں فرینکفرٹ سے علامہ عبداللطیف چشتی الازہری،فرانس سے منہاج القرآن ویلفیئر یورپ کے سابق ڈائریکٹر الحاج علامہ حافظ محمد اقبال اعظم، نور اسلامک سنٹرویانا کے خطیب معروف عالم دین حاجی حافظ عبدالحفیظ الازہری ودیگر نے خصوصی شرکت کی۔تقریب میں موئے مبارک کی زیارت کرائی گئی ۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض میزبان حاجی ملک محمد امین اعوان نے سر انجام دیئے۔تقریب کا آغازاحمد انور اور مبشر احمد کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ۔بارگاہ رسالتﷺ میں ہدیہ عقیدت پیش کرنے والوں میں خلدعباس،ممتاز احمد، محمد آفتاب، باسط ملک ،سفیان شاہد، محبوب ربانی،سید عثمان شاہ،ملک عبیر اعوان،ملک زبیر اعوان معروف نعت خواں شہر یار خان اور حاجی غلام مصطفی نعیمی شامل تھے۔حافظ عبدالحفیظ الازہری نے عید میلادالنبیﷺ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ خوش نصیب تھے جنہوں نے آقا حضور ﷺ کا دیدار کیا اور پھر ساری عمر نہیں بھولے، انسان جس سے زیادہ محبت کرتا ہے اُس کا ذکر زیادہ کرتا ہے۔علامہ اقبال اعظم نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی شان سب سے اعلیٰ ہے، خدا نے حضور اکرم ﷺ کو رحمت العامین بنا کر بھیجا۔ اختتام پر حاضرین نے مل کر درودوسلام پیش کیا ۔حافظ عبدالحفیظ الازہری نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں اُمت مسلمہ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور سربلندی کے لیے اور حاضرین محفل اور میزبان تقریب کے لیے خصوصی دعاکرائی۔ 

تازہ ترین