• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مانچسٹرمیں علما و مشائخ کی زیر قیادت میلادالنبیؐ کے عظیم الشان جلوس کا انعقاد

مانچسٹر (علام عظیم جی/غلام مصطفیٰ مغل) مانچسٹر میں سالانہ جلوس میلادالنبیﷺ عقیدت و احترام سے نکالا گیا۔ جلوس کا جمعیت المسلمین مانچسٹر، مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک کی طرف سے اہتمام کیا گیا تھا۔ مختلف علمائے کرام، مشائخ، کمیونٹی رہنمائوں نے کی جن میں مرکزی جماعت اہل سنت یوکے اینڈ اوورسیز رجسٹرڈ کے بانی صدر مفکر ملت علامہ احمد نثار بیگ قادری، صدر جمعیت المسلمین احترام خان، خطیب جامع مسجد وکٹوریہ پارک علامہ عرفان احمد چشتی، علامہ حافظ محمد ارشد مصباحی، خلیفہ علامہ محمد زمان نقشبندی جماعتی، علامہ قاری ظہور احمد سیفی، نائب صدر چوہدری غلام احمد، علامہ عبدالغفور، حافظ نور احمد، علامہ خان محمد قادری، سید جاوید شاہ، سابق لارڈ میئر کونسلر نعیم الحسن، سید عرفان حاکم، صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری، قاری جاوید اختر، خلیفہ فیض احمد اور دیگر زعمانے کی۔ جلوس سٹاک پورٹ روڈ، ڈکنسن روڈ، ویمز لو روڈ سے ہوتا ہوا مرکزی جامع مسجد وکٹوریہ پارک پہنچا۔ جہاں پر جلوس کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر خطیب علامہ مسجد عرفان چشتی نے شرکائے جلوس و علمائے کرام سے اظہار تشکر کیا جب کہ پیر منور شاہ جماعتی کے خلیفہ مجاز محمد زمان نقشبندی جماعتی نے امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے دعائے کرائی۔ جلوس کے شرکاء نے انگریزی، عربی، اردو میں آمد مصطفیٰ ﷺ مرحبا اور دیگر عبارتوں پر مشتمل بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے اور تمام راستے تکبیر و رسالت کے نعرے اللہ اکبر، یارسول اللہﷺ کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔ ہملٹن روڈ، ورڈکنسن روڈ کے چوک میں قادریہ جیلانیہ اسلامک سینٹر سے ایک جلوس جس کی قیادت صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری کر رہے تھے، مرکزی جلوس میں شامل ہوا اس موقع پر نہایت گرمجوشی کے ساتھ نعرے لگائے گئے۔ جنگ جیو سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ احمد نثار بیگ قادری نے کہا کہ جلوس میلادالنبیﷺ نئی نسل کو حب نبی آخرالزمانﷺ اور ان کی ولادت باسعادت سے آگاہی کے لئے بہترین عمل ہے۔ انہوں نے تمام امت مسلمہ کو متحد ہونے اور اسوۂ حسنہ رسول اللہﷺ پر چلنے کی اپیل کی۔ صدر جمعیت المسلمین احترام خان نے جنگ کو بتایا کہ میلادالنبیﷺ کے جلوس میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے اور وہ تمام باوضو ہو کر حضور پُرنورﷺ پر درود شریف پڑھتے اور شان رسالت مآب سن کر خوش ہوئے، اس سے نوجوانوں کی اصلاح کی جا سکتی ہے۔ سٹی کونسل مانچسٹر کی طرف سے جلوس میں سابق لارڈ میئر نعیم الحسن نے شرکت کی اور کہا کہ مسلمانوں میں اپنے نبی اکرمﷺ سے بہت محبت ہے۔ وہ سٹی کونسل کی طرف سے جلوس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ علامہ ظہور احمد سیفی نے کہا کہ جلوس میں شرکت کرکے ایمان تازہ کیا جاتا ہے۔ قادریہ جیلانیہ اسلامک سینٹر کے صاحبزادہ احمد وقار بیگ قادری نے کہا کہ ان کے سینٹر کی طرف سے جلوس میلادالنبیﷺ کا شاندار استقبال کیا گیا اور اس میں ہمارے نمازی ساتھیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے اظہار یکجہتی کیا۔ جلوس کے شرکاء کی تواضح سیدنا امیر حمزہ ویلفیئر سوسائٹی نے حلوہ پوری کے ناشتہ اور چائے سے کرائی جب کہ چوہدری عنایت زیب نے مدینہ ٹیک اوے پر مشروبات پیش کئے۔ جلوس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین