• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ربیع الاول پوری کائنات کیلئے رشد و ہدایت کی صبح لے کر آیا، پیر نیاز الحسن قادری

برمنگھم (ابرار مغل) آستانہ عالیہ حضرت سخی سلطان باہو کے زیب سجادہ نشین صاحبزادہ پیر نیازالحسن قادری نے کہا کہ ربیع الاول پوری کائنات کے لئے رشد و ہدایت کی صبح لے کر آیا، آج پوری انسانیت میں چمک اور روشنی پیارے نبی کریم آقا دو جہاںؐ کی آمد کی وجہ سے ہے۔ میلادالنبیﷺ کی پاکیزہ اور بابرکت محافل اور مجالس کیساتھ ظاہر و باطن کو عشق رسول اور تعلیمات نبوی سے رنگنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری احمد رضا اور چوہدری عثمان سندھو کی جانب سے آغاز ربیع الاوّل و استقبال آمد مصطفیٰ کی روحانی محافل سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نظامت کے فرائض قاری فرحان قادری نے ادا کئے جبکہ قاری شاہین سلطان سمیت مختلف ثنا خوانوں نے منفرد انداز میں نذرانہ عقیدت بحضور سرور کونینؐ پیش کیا۔ اس موقع پر علماء و مشائخ نے کہا کہ ہمیں اس بابرکت ماہ میں اپنے کردار اور طرز عمل کی اصلاح کرکے اہل مغرب کے سامنے اسلام کا پیغام رکھنا ہوگا۔ نبی کریمﷺ کی آمد کا جشن منا کر دنیا کو امن و محبت کا پیغام دینے کے لئے نوجوان نسل کو آگے لایا جائے۔ پیرنیازالحسن قادری اور دیگر نےمزید کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی جامعہ حضرت سخی سلطان باہو کے زیرانتظام منفرد پروگرام اور تقریبات ترتیب دیئے گئے ہیں۔ محافل میلاد اور مختلف روحانی تقریبات کے ذریعے جہاں نوجوان نسل کا اسلام سے ناتہ جوڑے رکھنا مقصد ہے وہی پر غیر مسلموں کو اسلام کی حقیقت سے بھی روشناس کرایا جا سکتا ہے۔ چوہدری عثمان سندھو اور چوہدری احمد رضا نے شرکاء محفل کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں پیرنیاز الحسن قادری نے خصوصی طور پر دعا بھی کروائی۔
تازہ ترین