• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوٹلی میں واٹر چینل نہر کے پانی کی بحالی کیلئے فنڈز جاری کیے جائیں

وٹفورڈ(نمائندہ جنگ) فرینڈ آف ضلع کوٹلی کے رہنمائوں کا اجلاس زیر صدارت چوہدری محمد سعید منعقد ہوا۔اجلاس میں صدر تنظیم چوہدری محمد سعید نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے دورہ برطانیہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپیل کی کہ ضلع کوٹلی میں واٹر چینل نہر کے پانی کی بحالی کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ نہر کی بحالی کے لیے ابتدائی کام مکمل ہوچکا ہے۔ سینئر نائب صدر چوہدری محمد رفیق نے سینئر وزیر چوہدری طارق برائے زراعت و آبپاشی سے درخواست کی ہے کہ وہ ضلع کوٹلی کے غریب عوام کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے نہر کے پانی کی بحالی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہاکہ پانی کی شدید قلت کے باعث ڈلنگروٹ، پنگ پراں، مند پاڑی، رولی، دھمول کے سیکڑوں دیہات نہر کا پانی بند ہونے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ سید جاوید احمد شاہ نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر آزاد کشمیر کے عوام کی تعمیر و ترقی، ریاست میں زراعت، آبپاشی، سیر و سیاحت کو قومی تعمیر نو پالیسی کا حصہ بنائیں۔ حکومت آزاد کشمیر ریاست کے اندر قدرتی گیس کے ذرائع تلاش کرنے پر خصوصی توجہ دے۔ خصوصی دریائوں پر مزید ڈیمز تعمیر کرکے پانی کے ذخائر بنائیں جائیں۔
تازہ ترین