• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کمیونٹی پی پی میں شامل ہو کر عوامی قوت بڑھائے، پارٹی رہنما

بولٹن (ابرار حسین) پیپلز پارٹی پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول جماعت ہے اور چاروں صوبوں کی ترقی خوشحالی اور روشن مستقبل کے لئے کوشاں ہے۔ بیرون ملک آباد پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ اس میں شامل ہو کر عوام کی قوت کو مضبوط کریں اور پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے مشن کے مطابق ترقی یافتہ، مضبوط اور خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی بولٹن کے نو منتخب صدر چوہدری ندیم اقبال سمیلہ، پرسٹن کے صدر میر حیدرتالپور، سینئر نائب صدر شیخ یاسر وسیم اور بلیک برن کے جنرل سیکرٹری بیدار بخت نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی میں ملک کی ایک ایسی جماعت کے جو عوام کے تمام طبقوں اور ملک کے ہر علاقے کے مسائل کو حل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی برطانیہ کی برانچوں کے حوالے سے جس طرح چہ میگوئیاں کی جارہی تھیں انہوں نے دم توڑ دیا ہے اور محسن باری نے بحیثیت صدر اپنی صلاحیت اور محنت سے نارتھ ویسٹ کی برانچوں میں نہ صرف اضافہ کرنے بلکہ انہیں منظم کرنے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس سے برطانیہ میں پارٹی کے تمام شہروں کے رہنما ان کی قیادت میں پوری طرح متحد ہیں اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے محسن باری کی قیادت پر جس طرح اعتماد کا اظہار کیا ہے اس سے پیشگوئی کی جاسکتی ہے کہ پیپلز پارٹی آنے والے دنوں میں برطانیہ اور یورپ میں ایک بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ رہنمائوں نے برانچوں کے حوالے سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن اور اپوزیشن لیڈر چوہدری محمد یاسین اور جنرل سیکرٹری چوہدری اظہر بڑالوی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ لیڈرشپ مربوط ہوتو کارکنوں کے حوصلے بلتد ہوتے ہیں اور انہوں نے جو ٹاسک سونپے ہیں انہیں پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی جس سے پیپلز پارٹی کو بین الاقوامی سطح پر عوام میں مقبولیت حاصل ہوگی۔
تازہ ترین