• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایمپریس مارکیٹ کے اطراف غیرقانونی دکانیں و تعمیرات مسمار

کراچی (نیوز ڈیسک/ اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں جاری تجاوزات کیخلاف آپریشن کے ساتویں روز صدر کے علاقے ایمپریس مارکیٹ کے اطراف 900 سے زائد غیر قانونی دکانیں گرا دی گئیں۔ محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے کیلئے بھاری مشینری کے ذریعے ایمپریس مارکیٹ اور اس کے اطراف تعمیرات کو گرایا گیا، آپریشن کے دوران پرندہ مارکیٹ، کپڑوں کی مارکیٹ، چائے پتی اور خشک میوہ جات کی مارکیٹ بھی گرائی گئی۔کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن ( کے ایم سی) حکام کا کہنا ہے کہ ایمپریس مارکیٹ کے اطراف بھی تجاوزات کا خاتمہ کیا جاچکا ہے جس کے بعد ملبہ اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر احمد صدیقی کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایمپریس مارکیٹ کو 15 روز میں اصل شکل میں بحال کردیں گے۔ اتوار کی صبح انسداد تجاوزات کے کاموں کے معائنے کے بعد ایمپریس مارکیٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے چاروں کونوں پر خوبصورت پارک تعمیر ہوں گے، ماضی میں ان پارکس کی جگہ دکانیں تعمیر کرکے ایمپریس مارکیٹ کا اصل ماسٹر پلان تبدیل کر دیا گیا تھا۔
تازہ ترین