• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، شہری پریشان

کراچی میں بجلی کی فراہمی خراب تر ہوتی جارہی ہے، ایک اور بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا جس کے باعث شہر کے بہت سے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر جانے سے کے الیکٹرک کا نظام بیٹھ گیا، جس کے باعث اسی فیصد سے زیادہ علاقے کی بجلی معطل ہوگئی ہے۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے گلشن اقبال، گلستان جوہر، نارتھ کراچی، یو پی سوسائٹی، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، پی ایس سی ایچ ایس، بہادر آباد، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، کورنگی اور ملیر سمیت متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہے۔

اسی طرح  صدر، ایف بی ایریا، پی آئی بی، ڈیفنس ، بفرزون، محمودآباد، گلشن حدید، گارڈن اور کلفٹن میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

بجلی نہ ہونے کے باعث اسکول جانے والے بچوں اور ان کے والدین کو پریشانی کا سامنا ہے۔

ادھر کے الیکٹرک کے شکایتی سیل نے ہر بحران کی طرح اس بار بھی فون اٹھانا بند کر دیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ٹرپنگ کے باعث کراچی میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، نیشنل گرڈ سے 500 میگا واٹ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوئی ہے۔

دوسری جانب ترجمان نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا کہنا ہے 6 بجکر 20 منٹ تک ٹرپنگ سے پہلے کے الیکٹرک کو 600 میگاواٹ بجلی مل رہی تھی، چھ سو میگا واٹ بجلی بند ہونے سے پورا سسٹم بند نہیں ہوتا۔

ترجمان این ٹی ڈی سی کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھند کی وجہ سے نیشنل گرڈ کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی ہے، کے الیکٹرک کو صبح دھند کی وجہ سے الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ڈیڑھ ماہ کے دوران کراچی شہر میں ہونے والا یہ بجلی کا تیسرا بڑا بریک ڈاؤن ہے۔

تازہ ترین