• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 بلاشبہ غذا ہی ہماری جسمانی و ذہنی صحت کا ماخذ ہے۔ اسی لیے ماہرِ اغذیہ ہمیشہ متوازن خوراک کے استعمال ہی کا مشورہ دیتے ہیں۔لیکن دیکھا گیا ہے کہ عموماً ہمارے دسترخوانوں پر چند مخصوص پکوان ہی چنے جاتے ہیں،جو طبّی اعتبار سے ٹھیک نہیں۔تو لیجیے،اس بار آپ کے دسترخوان پر کچھ تنّوع کے لیے کلیجی کے کچھ منفرد پکوان کی تراکیب حاضر ہیں۔

 فرائی مسالا کلیجی

اجزاء :کلیجی آدھا کلو، کچّا پپیتا تین کھانے کے چمچ، پیاز دو عدد(باریک لچّھے دار کاٹ لیں)، ٹماٹر دو عدد،گرم مسالا آدھا کھانے کا چمچ، دہی ایک کپ،ہلدی ایک چائے کا چمچ،کالی مرچ پِسی ہوئی ایک کھانے کا چمچ، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ،نمک حسبِ ذائقہ، دھنیا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، سرکہ دو کھانے کے چمچ، ہری مرچیں تین عدد(باریک کاٹ لیں)ہرا دھنیا ایک گڈی اور تیل۔

ترکیب:کلیجی کی چھوٹی چھوٹی بوٹیاں کاٹ کر دھولیں اور ایک باؤل میں کلیجی، سرکہ، کالی مرچ، گرم مسالا،نمک اور لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کر میری نیشن کے لیے گھنٹہ بَھر رکھ دیں۔اس دوران فرائی پین میں تیل ہلکا گرم کریں اور پیازفرائی کرکے پیس لیں۔ اسی تیل میں دہی، ہلدی اور دھنیا پاؤڈرڈال کر اتنا بھونیں کہ تیل اوپر آجائے، پھر اس میں ٹماٹر ڈال کر مزید بھون لیں اور کلیجی بمع مسالا ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں، جب کلیجی گل جائے، تو اتنا فرائی کریں کہ مسالا تیل چھوڑ دے۔آخر میں ہری مرچیں اور دھنیا چھڑک دیں۔

کڑاہی کلیجی

اجزاء:بکرے کی کلیجی دو عدد،ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کےچمچ، ٹماٹر چار عدد(کاٹ لیں)،ہری مرچیں آٹھ عدد،ادرک ایک انچ کا ٹکڑا (لمبائی میں باریک کاٹ لیں)،لیموں کا رس حسبِ ذائقہ، نمک حسبِ منشا اور تیل۔

ترکیب: کلیجی اچھی طرح دھولیں۔ پھر اس میں ادرک،لہسن کا پیسٹ (ایک ایک کھانے کا چمچ) لگا کر ایک گھنٹےکے لیے رکھ دیں۔اب تیل گرم کرکے کلیجی بھون کر اس میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، ٹماٹر اور ہری مرچیں ڈال کرکے پکنے دیں،جب پانی خشک ہونے لگے، تو اتنا بھونیں کہ تیل نظر آئے۔آخر میں ہری مرچ، ادرک(کٹی ہوئی) اور لیموں کا رس چھڑک کرپانچ منٹ کےلیے دَم دے دیں۔

کرسپی کلیجی

اجراء:کلیجی ایک پائو، ادرک،لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ،گرم مسالا پِسا ہوا ایک چائے کا چمچ، میدہ ایک کپ، سویا ساس چار چائے کے چمچ، چلی ساس دو چائے کے چمچ، انڈا ایک عدد(پھینٹ لیں)، ڈبل روٹی کا چُورا ایک کپ اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: کلیجی اچھی طرح دھوکر چھلنی میں رکھ دیں، تاکہ پانی خشک ہوجائے۔ اب ایک پیالے میں ادرک،لہسن کا پیسٹ، گرم مسالا، سویا ساس، چلی ساس اور نمک اچھی طرح مکس کرکے کلیجی میں ڈال کر دوسےتین گھنٹےکے لیے رکھ دیں۔ ایک دوسرے پیالے میں میدہ گھول کر پیسٹ سا بنا کر اس میں انڈا ملا دیں۔ پھر تیل گرم کرکے پہلے کلیجی کو میدے کے آمیزے میں ڈبو کر،پھر ڈبل روٹی کے چُورے میں لپیٹ کر فرائی کرلیں۔

کلیجی کے تکّے

اجزاء:کلیجی ایک کلو،دہی ایک کپ،پیاز ایک عدد(فرائی کرکے پیس لیں)،نمک حسبِ ذائقہ، سُرخ مرچ حسبِ ضرورت اور تیل ایک کپ۔

ترکیب: پین میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز، نمک، مرچ اور دہی شامل کرکے خُوب اچھی طرح بھون لیں، خوشبو آنے لگے، تو کلیجی ڈال کر اتنا پانی ڈالیں کہ گلنے پر بالکل خشک ہوجائے۔ اب سیخوں پر کلیجی کے ٹکڑے پروئیں اور کوئلوں کو اچھی طرح سے دہکا کر ان پر سینک لیں۔ ساتھ تھوڑا تھوڑا آئل بھی لگاتی جائیں۔ سُرخ ہونے پر سیخوں سے نکال کر پلیٹ میں سجا لیں۔ کلیجی کے مزے دار تکّے تیار ہیں۔سلاد، چٹنی کے ساتھ کھائیں۔

(صبا شیخ،شکارپور)

تازہ ترین