آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
اتوار یکم ربیع الثانی 1440ھ9؍ دسمبر2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی وڈ کی ڈمپل کوئن دیپکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی تقریبات کل سے شروع ہوں گی، دونوں فن کار آج کل شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ بے قراری، بے تابی، بے چینی اور انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور شادی کے گیت گونجنے لگے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دیپکا اور رنویر کی شادی کی تقریب اٹلی کے خوب صورت مقام ’’لیک کومو‘‘ میں منعقد کی جائے گی ۔ دو ستاروں میں ہونے والا ملن نئی زندگی کا آغازکررہا ہے۔ رنویر سنگھ کے خاندان میں ہر طرف خوشی، مسرت، نوید، نشاط اور شادمانی کا راج ہے۔ کروڑوں دِلوں پر راج کرنے والی دل کش اداکارہ دیپکا پڈوکون، دل ہی دل میں یہ گنگنا رہی ہوں گی۔ ’’میں تو چھوڑ چلی بابل کا دیس، پیا کا گھر پیارا لگے۔دیپکا اور رنویر سنگھ” ریل لائف“ یعنی فلموں میں تو ایک ہو نہیں پائے، لیکن ” ریئل لائف“ میں چند ایک روز میں ایک دوسرے کے ہوجائیں گے ۔ دیپکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کا نام اسٹار جوڑیوں میں نہیں، بلکہ بالی وڈ کی سپر اسٹار جوڑیوں میں ہوگا۔ اس سے پہلے بالی وڈ میں دلیپ کمار اور سائرہ بانو، امیتابھ بچن اور جیا بہادری،راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیا،دھرمندر اور ہیما مالنی ، رشی کپور اور نیتو سنگھ اور پھر کافی برسوں بعد ابھیشک بچن اور ایشوریا رائے ،کرینا کپور اور سیف علی خان نے شادی کی اور ان میں سے بیش تر شادیاں،عام زندگیوں میں تو میگا ہٹ ہوئیں، لیکن سلور اسکرین پر ان کا جادو پھیکا پڑ گیا تھا ۔ جتنی سپر اسٹار جوڑیوں کی شادی کی باتیں ہوئی ہیں، ان میں صرف راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڈیا کی جوڑی ہی ایسی تھی، جس نے شادی سے پہلے یا شادی کے دوران کسی فلم میں رومانس نہ دکھایا ہو، دل چسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے یہی جوڑی نظر آتی ہے، جس کی شادی زیادہ کام یاب بھی نہیں ہوسکی ۔ 

دیپکا اور رنویر سنگھ کی جوڑی کی خاص بات یہ ہے کہ ان کا فلموں میں رومانس تو بہت دیکھا، پیار محبت کےگانے بھی خُوب گائے ،لیکن فلم کے ”دی اینڈ“ تک ایک نہیں ہوسکی۔ ہر بار ایک ”ٹریجک اینڈ“ دیوار بن جاتا تھا۔ ان فلموں میں رام لیلا، فائنڈنگ فینی، باجی راوٴ مستانی اور پدماوت شامل ہیں۔ رنویر اور دیپکا دونوں اپنی شادی کودُنیا والوں کی” نظرِبد“ سے بچانے کے لیے اٹلی روانہ ہوگئے ،یہ وہی اٹلی ہے، جہاں رنویر کی دوست اور ان کی پہلی فلم کی ہیروئن انوشکا شرما کی شادی ہوئی تھی۔ انوشکا کی شادی بھی سپر اسٹار سے ہوئی، لیکن وہ فلم کے نہیں بلکہ کر کٹ کے سپر اسٹار ہیں۔ پہلے کی شادیوں اور اب کی شادیوں میں یہ بھی بڑا فرق ہے کہ پہلے کے اسٹار اپنی فن کارہ بیویوں کو دوسرے ہیروز کی فلمی ہیروئن بنتے نہیں دیکھ سکتے تھے،لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ایشوریا رائے ،کرینا کپور اور انوشکا شرما شادی کے بعد بھی مختلف ہیروز کے ساتھ فلموں میں کام کررہی ہیں۔ آج کی فلمی ہیروئنز کیریئر کے دوران شادی کرنے سے نہیں ڈرتیں، پہلے تو ان کا فلمی کیریئر ختم یا بہت حد تک محدود ہوجاتا تھا، تو شادی کرتی تھیں، جیسے سری دیوی ، مادھوری ڈکشت ، جوہی اور کرشمہ کپور نے اپنے فلمی کیریئر کے عروج میں شادی نہیں کی، لیکن کرینا کپور ، انوشکا، ایشوریا رائے اور اب دیپکا نے یہ قدم اس وقت اٹھایا، جب وہ صفِ اول کی فلمی حسیناوٴں میں شامل تھیں۔

دیپکا اور رنویر نے اپنی شادی کی تاریخوں کا اعلان ایک ساتھ ٹوئٹر پر اپنے اپنے اکاوٴنٹ پر شیئر کر کے کیا۔ تب سے اب تک ہر جگہ ان کی شادی کے چرچے ہیں ۔شادی کہاں ہوگی ، یہ تو سب کو معلوم ہو گیا، یہ کون سا لباس زیب تن کریں گے؟شادی کی رسومات میں کیا کیا ہوگا؟کس کس کو مدعو کیا گیا ہے، یہاں تک کہ ہنی مون کہاں ہوگا ؟اب سب مداح یہ جاننا چاہیں گے۔ دیپکا کی شادی کے بعد ریلیز ہونے والی پہلی فلم، شاہ رخ خان کے ساتھ ”زیرو“ ہوگی، جس میں وہ ایک مہمان اداکارہ کے طور پر نظر آئیں گی۔ رنویر سنگھ دُلہا بننے کے بعد فلم” سمبا“ میں پولیس انسپیکٹر کے کردار میں ایکشن دکھائیں گے۔ دیپکا کا فلمی کیریئر 2007 میں سپر ہٹ فلم ’’اوم شانتی اوم‘‘ سے شروع ہوا ، جب کہ رنویر سنگھ کی پہلی فلم2010میں ریلیز ہوئی تھی۔ دونوں اسٹار اپنی پہلی فلموں میں ہی بہترین نئےچہرےکا ایوارڈ جیت چکے ہیں، دونوں کے ٹوٹل ایوارڈز کی تعداد پر غور کریں تو دیپکا، اپنے سیاں کے مقابلے میں ایک ایوارڈ زیادہ جیت چکی ہیں۔ دیپکا کے گھر والوں کا تعلق بنگلور سے ہے ،لیکن ان کی پیدائش ڈنمارک میں ہوئی تھی۔ رنویرسنگھ ہیں تو سندھی، لیکن پیدائش ان کی ممبئی میں ہوئی، دل چسپ بات ہے کہ ان کے دادا کا تعلق کراچی سے ہے ۔رنویر سنگھ اور دیپکا کا رومانس فلم ’’رام لیلا‘‘ کے دوران پروان چڑھا۔ اس فلم میں دیپکا کی انٹری بعد میں ہوئی، پہلے یہی کردار کرینا کپور ادا کر رہی تھیں۔ اسی فلم میں رنویر کے ساتھ ایک گانے میں پریانکا چوپڑا نظر آئی تھیں، جو دیپکا کی بہت اچھی دوست بھی ہیں۔ یہ دونوں حسینائیں فلم باجی راوٴ مستانی، میں ایک دوسرے کی سوتن بھی بن چکی ہیں۔ اتفاق ہے کہ دونوں نے ایک ہی ساتھ ہالی وڈ کی الگ الگ فلموں میں انٹری دی اور دونوں کی فلمیں وہاں کے باکس آفس پر ناکام رہیں۔ بات یہیں ختم نہیں ہوتی، کیوں کہ پریانکا اپنے ہالی وڈ کے دوست نک نوجوناز سے شادی کر رہی ہیں اور وہ بھی لگ بھگ انہی تاریخوں میں جب ان کی سہیلی اٹلی میں دلہن کے روپ میں بنی سنوری بیٹھی ہوں گی۔آگے آگے دیکھئے، ہوتا ہے کیا؟

دونوں کے درمیان محبت کی وجہ کیا بنی؟

بھارتی اداکارہ دیپکا پڈوکون نے ایک انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ جب ان کی رنویر سنگھ سے پہلی ملاقات ہوئی تو انہیں محسوس ہوا کہ وہ ان کے ٹائپ کےنہیں ہیں۔ ان کے اور رنویر کے درمیان محبت کا آغاز 6 سال قبل فلم’’رام لیلا‘‘ کے سیٹ پر ہوا تھا۔ وہ کہتی ہیں کہ وہ بہت زیادہ جذباتی ہیں اور اپنے جذبات کا اظہار ہمیشہ کھل کر کر تے ہیں، اس دوران اگر انہیں رونا بھی آجائے تو، وہ گھبراتے نہیں ہیں۔ان عادتوں کی وجہ سے مجھے رنویر سے محبت ہوئی!! دیپکا کو رنویر کے لائف اسٹائل اور سونے کی عادت سے نفرت ہے اور انہیں ان کا فیشن سینس بھی بلکل پسند نہیں، جسے وہ صرف برداشت کرتی ہیں۔ فلم ’’بینڈ باجا بارات‘‘ کے بعد دیپکا کو رنویر کے ساتھ کام کرنےکی آفر ہوئی تو انہوں نے منع کردیا تھا، جس پر انہیں بتایا گیا کہ رنویر ایک دن بہت بڑے سپر اسٹار بنیں گےاور پھر وقت نے ثابت کیا کہ وہ بڑے اداکار بنے۔ دیپکا نے رنویر کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فلم ’’پدماوت‘‘ میں جس شدت سے انہوں نے ’’علائوالدین خلجی‘‘ کا کردار نبھایا، مجھے نہیں لگتا کوئی اور اداکار اس طرح نبھا پاتا۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں