• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب نے افسران کے میڈیا انٹرویوز پر پابندی لگادی

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبا ل نے نیب کےتمام ڈائریکٹر جنرلز،ڈائریکٹرز اوردیگر افسران پر میڈیا (پرنٹ اینڈ الیکٹرانک) کو انٹرویودینے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے اور اگر میڈیا کو کسی ریفرنس یا مقدمہ کے بارے میں معلومات درکار ہونگی تو نیب کے ترجمان قومی احتساب بیورو کا موقف دینے کے مجاز ہونگے،میگا کرپشن کے مقدمات منطقی انجام تک پہنچائینگے۔ نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے کہا کہ وہ تمام معززاراکین اسمبلی کا احترام کرتے ہیں ، ڈی جی نیب لاہور کے میڈیا کو دئیے گئے انٹرویوز کا ریکارڈ پیمرا سے طلب کرلیا گیاہے جس کا قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے گا،میڈیا جاری تحقیقات/ انویسٹی گیشن کے بارے میں قیاص آرائیوں سے گریز کرے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کو پیر کو نیب لاہور میگا کرپشن کے مقدمات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جو کہ منگل کو بھی جاری رہے گا۔نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کو نہ صرف اپنی اولین ترجیح قرار دیتا ہے بلکہ اس کے لئے بلا امتیاز قانون کے مطابق بدعنوان عناصر کے خلاف نیب سنجیدہ کاوشیں کررہا ہے تاکہ ان سے قوم کی لوٹی گئی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی جائے۔ ایڈن ہائوسنگ سوسائٹی لاہور کے متاثرین نے قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کا ان کے مسائل کا جائزہ لینے اور ان کی لوٹی گئی رقم کی واپسی کے لئے ہر ممکن اقداما ت اٹھانے پر ان کا شکریہ ادا کیا،اس موقع پر ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم بھی موجود تھے۔ قبل ازیںچیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب افسران شکایات کی جانچ پڑتا ل ، انکوائریز اورتحقیقات کو ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک 10ماہ کے دورانیہ میں مکمل کریں تا کہ بد عنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جا سکے۔

تازہ ترین