اسلام آباد(نمائندہ جنگ، خصوصی رپورٹ)قائد ن لیگ نوازشریف کا العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں پیر کوپانچویں بار بھی بحیثیت ملزم 342کا بیان قلمبند نہ ہو سکا، وکیل صفائی خواجہ حارث نےفلیگ شپ ریفرنس کے تفتیشی افسر کامران احمدکے بیان پر اعتراضات قلمبند کراتے ہوئے جرح کا آغاز کر دیاجس پر وکیل صفائی اور استغاثہ میں کشیدگی پیدا ہو گئی اورسخت جملوں کا تبادلہ ہوا،وکیل صفائی کی سپریم کورٹ میں مصروفیت کے باعث فاضل جج نےفلیگ شپ ریفرنس کی سماعت آج صبح تک ملتوی کر دی۔پیر کو احتساب عدالت نمبر 2 میں نوازشریف پیش ہوئے، فاضل جج محمد ارشد ملک نے سماعت کے آغاز پرخواجہ حارث سے استفسار کیا کہ نواز شریف اپنا 342 کا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے تیار ہیں؟۔خواجہ حارث نے جواب دیا کہ جی نہیں، وہ آج بیان کے لیے تیار نہیں ہیں،ہمارے پچھلے بیان پرکچھ اعتراضات ہیں وہ ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں، جس پر فاضل جج نے کہا کہ اعتراضات اگر لکھے ہوئے ہیں تو دے دیں۔