• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی مسائل محض تقریروں سے حل نہیں ہو سکتے، تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ملک کو جو مسائل درپیش ہیں وہ محض تقریروں سے حل نہیں ہوسکتے،فواد چوہدری نے مذہبی انتہاپسندی اور عدم برداشت کیخلاف بہت مناسب بات کی ہے، عثمان بزدار کی تعیناتی کو بڑی ناکامی کہنا قبل از وقت ہے۔ ان خیالات کا اظہار حسن نثار، حفیظ اللہ نیازی، امتیاز عالم، ریما عمر، ارشاد بھٹی اور مظہر عباس نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پہلے سوال یہاں پر ریاست دلیل کے مقابلہ میں دوسری دلیل کے لوگوں کو بچا نہ سکی، جب تک ریاست ملک میں برابری کا ماحول نہیں دے گی تب تک مسائل حل نہیں ہوں گے، کیافواد چوہدری کا یہ بیان حکومتی پالیسی بنے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ فواد چوہدری کی بات اصولی طور پر درست ہے مگر ایسا ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے، اس ملک کو جو مسائل درپیش ہیں وہ تقریروں سے حل نہیں ہوسکتے، یہ گفتگو کا بھونڈا پن ہے کہ دلیل کے مقابلہ میں دلیل،ان لوگوں کے پاس تو کوئی دلیل ہی نہیں ہے۔حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ فواد چوہدری لبرل خیالات کے مالک ہیں، ان لوگوں کو فیض آباد دھرنے سے شہ ملی تھی۔ امتیاز عالم کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے مذہبی انتہاپسندی اور عدم برداشت کیخلاف بہت مناسب بات کی ہے، انتہاپسندوں کے پاس دلیل نہیں بندوق ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ جب تین دن تک لوگ رُل رہے تھے فواد چوہدری سوتے رہے، ریاست اپنی رِٹ قائم کرے۔ ریما عمر کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کی تقریر کی بنیاد اظہار رائے کی آزادی تھی لیکن حکومت اظہارِ رائے قبول نہیں کرتی ہے، حکومت نے معذرت خواہانہ پالیسی اپنائی ہوئی ہے۔ مظہر عباس نے کہا کہ عمران خان ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانا چاہتے ہیں تو ترقی کی راہ دلیل سے ہی جاتی ہے، ان لوگوں کو پروموٹ کیا گیا جو دلیل کا جواب دلیل سے نہیں دیتے۔دوسرے سوال عثمان بزدار میدان سیاست کا وسیم اکرم اور انضمام الحق بنے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ عثمان بزدار کی تعیناتی کے بعد سے پی ٹی آئی میں پاور پلے جاری ہے، کرکٹ میں عمران خان کی پسند نا پسند کی وجہ سے کئی وسیم اکرم اور انضمام الحق گمنامی میں گم ہوگئے۔

تازہ ترین