• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرخارجہ جریمی ہنٹ سعودی حکام کے سامنے جمال خشوگی کا مسئلہ اٹھائیں گے

لندن (نیوز ڈیسک) وزیرخارجہ جریمی ہنٹ سعودی حکام کے سامنے صحافی جمال خشوگی کا مسئلہ اٹھائیں گے جو سعودی حکومت کا سخت ناقد تھا اور گزشتہ ماہ استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں قتل کر دیا گیا۔ جریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ یورپی یونین برطانوی شائستگی کو برطانوی کمزوری سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔ صحافی کے قتل کے بعد یہ برطانیہ کے کسی پہلے وزیر کا دورہ سعودی عرب ہے۔ سعودی عرب نے تسلیم کیا ہے کہ صحافی قونصلیٹ میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوا۔ بہرحال ترکی کا اصرار ہے کہ اس کے قتل کی منظوری سعودی حکومت نے دی تھی اور وہ صحافی کے آخری لمحات کی ریکارڈنگ سعودی عرب، برطانیہ، امریکہ، جرمنی اور فرانس کے حوالےکرچکا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ اپنے دورہ ریاض کو یمن میں خونیں خانہ جنگی کے خاتمے پر زور دینے کے لئے بھی استعمال کریں گے۔ وہ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ جو صحافی کے قتل کے بعد کسی برطانوی وزیر کی پہلی ملاقات ہوگی دورے سے قبل وزیر خارجہ جریمی ہنٹ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری جمال خشوگی کے ہولناک قتل کے خلاف متحد ہے۔ یہ واضح طور پر ناقابل قبول ہے کہ قتل کے پس پردہ حالات غیر واضح رہیں۔ ہم موت کے بارے میں تحقیقات کے لئے ترک حکام کے ساتھ تعاون کے لئے سعودی حکام کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ اس کے خاندان اور دنیا کو انصاف فراہم کر سکیں۔ وہ متحدہ عرب امارات کا دورہ بھی کریں گے۔

تازہ ترین