• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئر لینڈ کے شہر کونٹی کارلو میں اسلامی سینٹر کیلئے فنڈریزنگ ڈنر

ڈبلن(فرخ وسیم بٹ) آئرلینڈ کے شہر کونٹی کارلو میں پاکستانی کمیونٹی کے زیراہتمام کارلو میں ایک اسلامی سینٹر کے قیام کیلئے مقامی ہوٹل تالبوٹ میں فنڈ ریزنگ ڈنر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی، انڈین ،بنگالی، مصری، عربی، روہنگیا اور سوڈان کی مسلم کمیونٹی کے خواتین و حضرات اور بچوں سمیت آئرش کمیونٹی نے بھی شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی منہاج ویلفیئر فائؤنڈیشن یوکے یورپ کے پروجیکٹ منیجر الشیخ عدنان سہیل تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ قاری حسن رسول حاصل کی، حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت کا نذرانہ نادر یاسین اور عائشہ یوسف نے پیش کیا۔ جبکہ نظامت آرگنائزر نادر یاسین نےکی۔ مقررین میں داؤد احمد اور محمد ابراہیم نے کارلو میں اسلامک سینٹر کے قیام کے حصول اور اس کے فنڈ ریزنگ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی الشیخ عدنان سہیل نے قرآن وسنت کی روشنی میں اللہ کی راہ میں خرچ کرنا بالخصوص مسجد کے قیام کے لئے عطیات دینا اور اس پر اجر و ثواب کے موضوع پر نہایت مدلل خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کی تعمیر اسلامی ثقافت کا امتیاز بھی ہے اور اس کے روحانی نظام میں موجود نظم اور طہارت کی علامت ہے، مساجد اسلام کے پاکیزہ روحانی تربیتی نظام کی طہارت ونفاست کے مراکز ہیں، قرآن وسنت کی روشنی میں اس دینی روحانی اور تربیتی مرکز کی تعبیر اور اہل اسلام کا اس سے تعلق محبت ہماری ایمانی اور ثقافتی ضرورت ہے آج اگر ہم اس دنیا میں اس دینی روحانی اور تربیتی مرکز مسجد کی تعمیر میں ایک پیسہ بھی خرچ کریں گے تو اللہ رب العزت آخرت میں اس سے کئی گنا زیادہ اجر و ثواب عطا کرے گا۔ اس موقع مسلم کمیونٹی نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11 ہزار یورو کی رقم جمع کروائی۔ آخر میں اس پروگرام کے چیف آرگنائزر محمد یوسف اور نادر یاسین نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا، پروگرام میں کارلو کی مقامی پولیس کے عہدے داران، پی ٹی آئی آئرلینڈ کے صدر امتیاز خان، چیئرمین عتیق باجوہ، سابقہ صدر اور معروف قانون دان سولیسٹر چوہدری عمران خورشید، پی ٹی آئی کشمیر آئرلینڈ کے صدر چوہدری عجائب، منہاج القرآن کے صدر اور کارکنان کے علاوہ آئرلینڈ کی سیاسی شخصیت میری نے خصوصی طور پر شرکت کی، سید قاسم شاہ ،محمد عرفان،شاہ دیم اور ناصر چشتی نے پروگرام کا انتظام کیا تھا۔ آخر میں الشیخ عدنان سہیل نے خصوصی دعا کروائی۔
تازہ ترین