• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوسیدہ عمارتوں میں قائم سرکاری سکولوں کی منتقلی کی ہدایت

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈ پٹی کمشنر مدثرریا ض ملک نے بوسیدہ عمارتوں میں قائم سرکاری سکولوں کی منتقلی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع ملتان کے سرکاری سکولز میں نئے کلاس رومز، آئی ٹی لیبارٹریز اور چار دیواری سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ، سرکاری سکولز میں تعلیمی معیار بہتر بنانے تک ضلعی انتظامیہ چین سے نہیں بیٹھے گی ،یہ بات انہوں نے مختلف سرکاری سکولوں کے دورے کے دوران کی ،انہوں نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول گھنٹہ گھر میں مختلف کلاسز کے طلباء کو لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ نجی سیکٹر کے مقابلے میں سرکاری اداروں کے تعلیمی نتائج بہتر ہو رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ تمام بوسیدہ اور خطرناک عمارتوں میں قائم سرکاری سکولز کو شفٹ کر کے از سر نو ان عمارات کو اپ گریڈ کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام سکولز کی چاردیواری ، باتھ رومز، نئے کلاس رومز اور آئی ٹی لیبارٹریز کے قیام کیلئے فنڈز جاری کئے جا رہے ہیں، ضلع ملتان کو تعلیمی لحاظ سے سرفہرست لانے کیلئے محکمہ تعلیم ملتان کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے مختلف طلباء سے سوالات بھی پوچھے اور درست جوابات پر اپنی جیب سے نقد انعامات تقسیم کئے۔
تازہ ترین