• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معمو لی تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں اے این پی کے نائب ناظم سمیت 3جاں بحق

پشاور( کرائم رپورٹر) پشاور صدر کے قریب نوتھیہ قدیم میں معمو لی تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں اے این پی کے نائب ناظم سمیت 3جاں بحق ہو گئے ۔ گلبرگ پولیس کے مطابق 25نومبر کو نوتھیہ قدیم میں اے این پی کے نائب ناظم شیر علی کے بیٹے سعد اور بھتیجے آفتاب کی شادی طے ہے ۔اتوار اور پیر کی درمیانی رات تقریباً 1 بجے کے بعد نوتھیہ قدیم میں شیر علی کے دوست آئے جنہوں نے آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کی جس پر شیر علی کی پڑوس میں رہائش پذیر اپنے قریبی دوست طارق کے ساتھ تکرار ہو گئی اس دوران طارق نے پستول نکال کر شیر علی کو دھمکایا جس پر وہ طیش میں آگیا اور نوبت فائرنگ تک پہنچ گئی ، دونوں فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک طرف سے نائب ناظم شیر علی اور اُس کا بھائی اصغر علی ( ٹیوب ویل آپریٹر ) جبکہ دوسری طرف سے طارق جاں بحق ہوگیا، فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر ملاء اللہ ولد نصر اللہ ساکن افغانستان حال مسکین آباد بھی زخمی ہوا جسے تشویشناک حالت میں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا فریقین نے ایک دوسرے کے خلاف دعویداری نہیں کی ، واقعے کا مقدمہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر شاہد کی مدعیت میں درج کرکے مختلف ذاویوں سے تفتیش شروع کردی گئی ٗشیر علی اور اصغر کی ہلاکت کے بعد 25نومبرکو ہونے والی شادی کی خوشیاں ماند پڑ گئی ٗاہالیان علاقہ کا کہناہے کہ مقتول شیر علی اور طارق گہرے دوست تھے اور ہمیشہ ساتھ ساتھ رہتے تھے وقوعہ کے بعد دونوں کی موت بھی ایک ہی وقت میں ہوئی ۔
تازہ ترین