• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارٹی مخالف سرگرمیوں، کارکنوں میں انتشارپر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ،دونوں رہنما پارٹی کو مطمئن نہ کر سکے

پشاور ( سٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے ، کارکنوں میں انتشار پیدا کرنے اور پارٹی کو نقصان پہنچانے پرمرکزی رہنما افراسیاب خٹک اور مرکزی نائب صدر بشریٰ گوہر کی بنیادی رکنیت معطل کردی ، ذرائع کے مطابق پارٹی نے مبینہ طور پر پختون تحفظ موومنٹ کی جانب جھکاؤ ، حمایت اور قومی اداروں کیخلاف بیانات پردونوں رہنماؤں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 7دنوں میں جواب طلب کیا تھا تاہم افراسیاب خٹک اور بشریٰ گوہر تحریری جواب میں پارٹی کو مطمئن کرنے میں ناکام نہ ہوسکے، میاں افتخار حسین نے ان کی رکنیت معطلی کا اعلامیہ جاری کردیا۔ اے این پی ترجمان کے مطابق افراسیاب خٹک اور بشری گوہر نےشوکاز نوٹس کے تفصیلی جواب میں انہی نکات کی وضاحت کی ہےجو وہ مرکزی کونسل میں بیان کر چکے تھے اور انہی نکات کا ذکر وہ وقتاً فوقتاً پارٹی فورمز پر کرتے چلے آ رہے تھے اور کئی بار مشاورتی کمیٹی میں بھی اس کا ذکر کیا گیاتھا ، اے این پی سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے تحریری جواب میں پارٹی سے شوکاز نوٹس کے حوالے سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ وہ کونسے نکات ہیں جن پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کئے گئے حالانکہ انہی نکات پر مرکزی قائدین بار ہا انہی فورمز پر وضاحت کر چکے ہیں اور انہیں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کے بارے میں تاکید بھی کی گئی تھی اس کے باوجود انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں جس سے کارکنوں کے ذہنوں میں انتشار پیدا کیا گیا ، ان کے جواب سے پارٹی قطعاً مطمئن نہیں لہٰذا مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے پارٹی آئین کے صفحہ نمبر گیارہ ،آٹھویں باب اور شق نمبر 2کے تحت اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ان کی بنیادی رکنیت معطل کر دی۔
تازہ ترین