• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا حکومت این ایف سی میں صوبوں کا حصہ کم کرنے کی مخالفت کرے گی ،تیمورسلیم جھگڑا

پشاور(شکیل فرمان علی)وزیرخزانہ خیبرپختونخوا تیمورسلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت این ایف سی میں صوبوں کا حصہ کم کرنے کی مخالفت کرے گی ،اٹھارویں ترمیم بہترین قانون سازی ہے جس کے تحت صوبوں کو بااختیار بنایا گیا۔وفاقی اکائیوں کو زیادہ خودمختار بنانا ہے تو انکو ترقی کے لیے زیادہ پیسہ بھی دینا ہے جبکہ صوبائی بلدیاتی نظام میں ضلع کونسل کو ختم کرنے کی تجویز ہے۔ سندھ فاٹا کے لیے این ایف سی کا حصہ نہیں دینا چاہتا ہے۔ ان سے درخواست ہے کہ وہ ہماری مدد کریں ۔وزیرخزانہ خیبرپختون خوا تیمور سلیم جھگڑا نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان این ایف سی کے جو شیئرز انکو نہ چھیڑا جائے۔خیبرپختونخوا حکومت این ایف سی میں صوبوں کا حصہ کم کرنے کی مخالفت کرے گی۔ان کا کہناتھا کہ تمام صوبوں کو اپنے وسائل بڑھانا ہوں گے۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کے لیے صوبے کو حصہ نہیں مل رہا ہےاگلے بجٹ میں قبائلی اضلاع کے لیے بھی فنڈز شامل کیے جائیں گے۔وزیرخزانہ خیبرپختونخوا کا کہناتھا کہ سندھ فاٹا کے لیے این ایف سی کا حصہ نہیں دینا چاہتا ہے۔انہوں نے سندھ حکومت سے درخواست کی کہ وہ قبائلی اضلاع کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت کی مدد کرے۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ وہ اس معاملہ پر سیاست نہیں کرنا چاہتے اور امید ہےسندھ حکومت ان کا ساتھ دے گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو تین درجاتی سے دو درجاتی کررہے ہیں اور ٹاون اورتحصیل ناظمین کا براہ راست انتخاب ہوگا جبکہ نئے بلدیاتی نظام میں ضلع کونسل ختم کرنے کی تجویز ہے۔سوروزہ پلان کے تحت ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت 25 پوائنٹس پر کام کررہی ہے اور صحت تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں پلان کے تحت کام کیا۔فائلوں سے کام ختم کرکے ڈیجیٹل کررہے ہیں۔تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ سوروزہ پلان پر جو کام کیا ہے اس سے جلد وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا جائے گا۔
تازہ ترین